کرسمس کیلیے کیک اور چاکلیٹ کی خریداری عروج پر رہی

بیکری اور کیک کی دکانوں پر کرسمس کے حوالے سے خوبصورت رنگ برنگے کیک متعارف کرادیے گئے ہیں.

صدر: بیکری میں کرسمس کیک سجائے جا رہے ہیں، تہوار کے موقع پرکیک کی فروخت بڑھ جاتی ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

کرسمس کیلیے کیک، چاکلیٹ ، سجاوٹ کی اشیا اور گفٹ آئٹمز کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔

مسیحی برادری کی بڑی تعداد گذشتہ کئی ہفتوں سے کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہے جس سے کراچی کے پوش علاقوں کے ساتھ کم آمدن والے علاقوں کے بازاروں میں بھی گہما گہمی پائی جاتی ہے کرسمس کی تیاریاں یوں تو اکتوبر سے شروع کردی جاتی ہیں تاہم مہنگائی اور قوت خرید کم ہونے کی وجہ سے کم آمدن والے مسیحی برادری کے افراد دسمبر کے آخری ہفتے تک خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔




اس حوالے سے گلشن اقبال، طارق روڈ، بہادرآباد، صدر اور کلفٹن کے بازار زیادہ مصروف ہیں جہاں مختلف اسٹالز اور دکانوں پر سجاوٹ کی اشیا، تہنیتی کارڈز، کپڑے، ملبوسات اور تحائف فروخت کیے جارہے ہیں، آخری مرحلے میں کرسمس کیک اور تحفے کے طور پر دی جانے والی چاکلیٹس کی خریداری کی جاتی ہے، بیکری اور کیک کی دکانوں پر کرسمس کے حوالے سے خوبصورت رنگ برنگے کیک متعارف کرادیے گئے ہیں ۔
Load Next Story