چوہدری نثارکی پریس کانفرنس سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ ہے شاہ محمود قریشی

حکومت نے سانحہ کوئٹہ پررپورٹ سامنے نہ لانے کی پوری کوشش کی، نائب صدر پاکستان تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 18, 2016
وزیراعظم اپنے خطاب پر قائم ہیں تو قطری شہزادے کا خط واپس لیں اور کل ایوان میں آکر ابہام دور کریں، شاہ محمود قریشی۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ ہے جب کہ کمیشن کی رپورٹ سے حکومت کی نااہلی سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں اسمبلی کی کارروائی سمیت چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پربھی غورکیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سانحہ کوئٹہ پررپورٹ سامنے نہ لانے کی پوری کوشش کی تاہم سانحہ کوئٹہ پر کمیشن کی رپورٹ حاضر سروس جج کی ہے اور جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی شہرت پوری دنیا جانتی ہے جب کہ کمیشن کی رپورٹ سے حکومت کی نااہلی سامنے آئی ہے لہذا گزشتہ روز چوہدری نثارکی پریس کانفرنس سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ ہے اور تصادم کی دھمکی توہین عدالت کےزمرے میں آسکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری نثار نے کل مولانا لدھیانوی سے ملاقات کی تردید کی اور پھر اعتراف کیا کہ دفاع پاکستان کے وفد سے ملاقات کی ہے، وزیر داخلہ کی اجازت کے بغیر اسلام آباد میں ہزاروں افراد کا اجتماع کیسے ہوا، کوئی بغیر اجازت ہزاروں کی تعداد میں آئے تو کسی کو کچھ نہ کہا جائے لیکن پی ٹی آئی اجازت نہ لے تو اسے لاٹھی، تذلیل اور دھکے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر وزیراعظم کے بیان میں تضاد سامنے آگیا، وزیراعظم کے وکیل نے مختلف مؤقف پیش کیالیکن اگر وزیراعظم اپنے خطاب پر قائم ہیں تو قطری شہزادے کا خط واپس لیں اور کل ایوان میں آکر ابہام دور کریں جب کہ امید ہے کہ وزیراعظم کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں