بھارت جونیئر ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا

فائنل میں بھارت نے بیلجیم کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے زیر کیا


Sports Desk December 18, 2016
فائنل میں بھارت نے بیلجیم کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے زیر کیا، فوٹو:

بھارت نے بیلجیم کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے شکست دے کر جونیئر ہاکی ورلڈکپ اپنے نام کرلیا۔

بھارتی شہر لکھنؤ میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر16 ٹیموں نے شرکت کی، ویزا نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان کی جگہ ملائیشیا کو میگا ایونٹ کا حصہ بنایا گیا۔

بھارت اور بیلجیم کی ٹیمیں حریف سائیڈز کو پچھاڑ کر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، فیصلہ کن مقابلے میں بھارت نے بیلجیم کو ایک کے مقابلے میں 2گول سے زیر کر کے ہاکی کا نیا جونیئر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، بلیو شرٹس کی طرف سے گوروجنت سنگھ نے8ویں منٹ میں فیلڈگول کرکے پہلا گول کیا، صرف7 منٹ کے بعد سمرن جیت سنگھ نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر اپنی ٹیم کی برتری دوگنا کر دی، ناکام سائیڈ کی طرف سے واحد گول فیبرس نے کھیل کے آخری منٹ میں کیا۔

تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچز میں دفاعی چیمپئن جرمنی نے آسٹریلیا کو صفر کے مقابلے میں 3گول سے ہرا کر وکٹری اسٹینڈ میں جگہ پکی کی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے ٹم ہرزبرچ نے2 بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،انہوں نے یہ گول کھیل کے 51ویں اور 60ویں منٹ میں گول کئے، اس سے قبل 11ویں منٹ میں جان شیفر نے جرمنی کی طرف سے ابتدائی گول کیا تھا۔

ارجنٹائن نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں اسپین کو2-1 سے زیرکیا، ارجنٹائن کی جانب سے نکولس کینان نے 51 ویں اور ٹامس ڈومنی نے 54 ویں منٹ میں گول کیا جبکہ اسپین کی طرف سے واحد گول مارک پریلون نے 67 ویں منٹ میں گول کیا۔ ایک اور میچ میں ہالینڈ نے انگلینڈ کو 2کے مقابلے میں6گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے تھیری برنکمین اور بریم وان گروسین نے 2، 2 جبکہ وان ڈیم اور مورس ڈی ولڈر نے ایک، ایک گول کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے دونوں گول ٹام سورس بائی نے کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں