پاک بھارت پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ہوگا ہندو تنظیمیں مظاہروں کیلیے تیار

5 سال کے بعد کرکٹ رابطے بحال، اسٹیڈیم کی تلاشی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔


Sports Desk December 25, 2012
5 سال کے بعد کرکٹ رابطے بحال، اسٹیڈیم کی تلاشی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان آج سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل سے پانچ برس بعد باہمی کرکٹ روابط بحال ہونے جارہے ہیں۔

قومی ٹیم اب سے قبل 2007 میں آخری مرتبہ بھارت گئی تھی، 2008 کے ممبئی حملوں کے نتیجے میں بھارتی ٹیم کا جوابی دورۂ پاکستان منسوخ ہوگیا تھا، اس کے بعد اگرچہ دونوں ممالک بین الاقوامی ایونٹس میں چند مرتبہ مدمقابل آئے، جس میں پاکستان 2011 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے موہالی بھی گیا جبکہ رواں برس سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھارتی ٹیم کا پاکستان سے ٹاکرا ہوا ہے،بھارتی ٹیم حالیہ دنوں میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے علاوہ ٹوئنٹی20 سیریز بھی برابر ہی کھیل پائی ہے۔

ایسے میں روایتی حریف پاکستان سے مقابلوں کی شروعات ہونے جارہی ہے، انگلینڈ سے سیریز میں غیرمتاثر رہنے والے بولرز کے بعد بھارتی کپتان دھونی پاکستان سے مقابلوں میں امبتی رائیڈو یا بھانیشور کمار کو آزماسکتے ہیں، آل رائونڈر یوراج سنگھ بھی سردست عمدہ فارم میں ہیں، انھوں نے انگلینڈ کیخلاف دو ٹی 20 میچز میں چھ وکٹیں اپنے نام کی ہیں،ویرت کوہلی، سریش رائنا، روہت شرما اور کپتان دھونی پر مشتمل میزبان بیٹنگ لائن کا اصل امتحان پاکستانی پیس اٹیک کے سامنے ہوگا، جس کی قیادت عمرگل اور سہیل تنویر کررہے ہیں۔

7

پاکستان کے پاس اس دورے میں تجربہ کار اسپنرز شاہد آفریدی، کپتان محمد حفیظ اور سعید اجمل کی صورت بھی موجود ہیں، محمد حفیظ نے آفریدی کی آل راونڈ صلاحیتوں پربھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں باندھ رکھی ہیں، نوجوان پیسر جنید خان بھی اختتامی اوورز میں بھارت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

معرکے سے قبل سیکیورٹی حکام اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں نے بنگلور کے چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تفصیلی تلاشی لی ہے۔ انتہا پسند ہندو تنظیموں وشوا ہندو پریشد اور شیو سینا اس سیریز کی شدید مخالفت کررہی ہیں اور ان کے رہنمائوں نے دھمکی دی ہے کہ جہاں بھی میچ کھیلا جائے گا وہ اسٹیڈیم کے باہر بھرپور احتجاج کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں