تبدیلی بیلٹ باکس سے آئیگی بروقت الیکشن ملک کیلئے نا گزیر ہیں نواز شریف

مہذب دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقارمیں اضافہ ہو گا، آمریت نےپاکستان کو ہمیشہ تباہ کیا،تاخیرملک کیخلاف سازش ہو گی۔


عوام بے تابی سے اپنی زندگیوں کو جہنم بنانے والوں کو ووٹ کے ذریعے رخصت کرنے کے منتظر ہیں، پارٹی اجلاس سے خطاب فوٹو: فائل

ABU DHABI: مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مقررہ وقت پر انتخابات ملکی سالمیت اور بقا کیلیے ناگزیر ہیں۔

اگر کوئی بھی تاخیر ہوئی تو اس کا نقصان جمہوریت کو پہنچے گا۔ پیر کو لاہور میں مسلم لیگ ن کی الیکشن کیلیے قائم ضابطہ اخلاق کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تبدیلی کا راستہ صرف بیلٹ باکس سے نکلتا ہے، پاکستان کا قیام بھی بیلٹ کے ذریعے عمل میں آیا تھا اور اب اس کا استحکام صرف مقررہ وقت پر الیکشن سے مشروط ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مقررہ وقت پر انتخابات ملک کی بقا اورسلامتی کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔

شفاف الیکشن عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنے کی طرف ایک اہم پیشرفت ہوں گے۔ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخاب کا بروقت انعقاد مہذب دنیا میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافے کا سبب بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن اور نگراں حکومتوں کا قیام پاکستانی جمہوریت کیلیے عوام کے منتخب نمائندوں کی جانب سے ایک تحفہ ہے جس کے نتیجے میں انتخابی نتائج عوامی خواہشات اور امنگوں کا مظہر ہوں گے۔

9

حالیہ ضمنی انتخاب میں پڑنے والے ووٹوں کی ریکارڈ تعداد سے پاکستانی عوام کے''تبدیلی بذریعہ انتخاب'' پر یقین اور اعتماد کا اظہار بھی ہوتا ہے اور یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ وہ عام انتخابات کے ذریعے اپنے اس حق کو استعمال کرنے کیلئے بیتابی سے منتظر ہیں تاکہ وہ اپنی زندگیوں کو جہنم بنانے والوں کو رخصت کر سکیں۔آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ آمریت نے پاکستان کو ہمیشہ تباہ کیا ہے۔ جمہوریت سے ہی ملک اور اداروں کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، ملک میں آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کی موجودگی میں یقیناً انتخابات شفاف ہی ہوں گے۔

پاکستان میں دہشت گردی سمیت تمام مسائل آمریت کی وجہ سے ہیں، جمہوری حکومتوں کے دور میں پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے مضبوط ہوتے ہیں، ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی نظام نہیں چل سکتا۔انھوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر پاکستان کے خلاف سازش ہو گی جس کو کسی صورت میں بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

(ن) لیگ جمہوریت اور انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اختلافات کے باوجود موجودہ جمہوری حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کا موقع دیا ہے۔ دریں اثنا نواز شریف5 جنوری کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پارٹی کنونشن سے خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن)کے انتخابی منشور کا اعلان کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |