اردن میں مسلح افراد کے پولیس پر حملے میں غیر ملکی سمیت 10 افراد ہلاک

پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور بھی ہلاک ہو گئے


ویب ڈیسک December 19, 2016
حملہ آوروں کے ایک ٹھکانے سے خود کش بیلٹس اور ہتھیار قبضے میں لے لئے گئے ہیں، پولیس حکام. فوٹو: انٹرنیٹ

اردن کے جنوبی صوبے الکرک میں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں غیر ملکی سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور بھی مارے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کار میں سوار 4 حملہ آوروں نے اردن کے جنوبی صوبے الکرک میں پٹرولنگ پر مامور پولیس وین پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار اور ایک کینیڈین خاتون سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے بعد حملہ آوروں نے قریب ہی واقع ایک تاریخی قلعہ میں پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قلعہ کے اندر فائرنگ کے واقعہ میں 29 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے باعث قلعہ کے اندر پھنسے سیاحوں کو بھی باہر نکال لیا گیا ہے۔

اردن کے سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق دہشت گردوں کے کس گروپ سے تھا اس کا تاحال پتہ نہیں چل سکا تاہم حملہ آوروں کے ایک ٹھکانے سے خود کش بیلٹس اور ہتھیار قبضے میں لے لئے گئے ہیں اور حملوں کی ہر طرح سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں