بھارتی فلیٹ وکٹوں پرکل کے ’بچے‘ بھی ٹرپل سنچریاں جڑنے لگے

کرون نائر نے کیریئر کی پہلی ہی سنچری کو 300 کے پار پہنچا دیا۔


کرون نائر نے کیریئر کی پہلی ہی سنچری کو 300 کے پار پہنچا دیا ۔ فوٹو اے ایف پی

بھارتی فلیٹ وکٹوں پر کل کے 'بچے' بھی ٹرپل سنچریاں جڑنے لگے، کرون نائر نے کیریئر کی پہلی ہی سنچری کو 300 کے پار پہنچا دیا، ان کی کاوش سےبھارت نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو رنز کے انبار تلے دبا دیا اور پہلی اننگز 7وکٹ 759 رنز پر ڈیکلیئرڈ کردی۔

چنئی میں جاری سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے 391 رنز 4 وکٹ سے نامکمل پہلی اننگز کو آگے بڑھایا، اس وقت 25 سالہ کرون نائر 71 رنز پر تھے، انھوں نے پہلے مرلی وجے کے ساتھ ابتدائی سیشن میں انگلش بولرز کی کلاس لینا شروع کی تاہم مرلی 29 رنز پرڈاسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اب نائر اور ایشون کے درمیان چھٹی وکٹ کیلیے 181 رنز کی شراکت بنی۔ کیریئر کا محض تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے کرون نائر نے ابتدائی سیشن میں کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی، انھیں مہمان بولرز نے میدان بدر کرنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا مگر دوپہر کے سیشن میں وہ اپنی تھری فیگر اننگز کو ڈبل سنچری میں بدلنے میں کامیاب ہوئے جسے شام ہونے تک وہ ٹرپل سنچری میں تبدیل کرچکے تھے۔ اس دوران ایشون 67 رنز بناکر براڈ کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے جب کہ جڈیجا کو 51 کے انفرادی اسکور پر ڈاسن نے جیک بال کی مدد سے قابو کیا۔ نائر کو قابو کرنے کی تمام انگلش کوششیں ناکام رہیں اور آخر کار بھارت کو خود ہی مہمان ٹیم پر رحم آگیا جس نے 7 وکٹ 759 رنز پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔

کرون نائر 303 رنز پر ناقابل شکست ہیں، ان کی اننگز 32 چوکوں اور 4 چھکوں سے مزین رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نائر کو مڈل آرڈر کے مستحکم بیٹسمین کی انجری کے باعث اس میچ میں کھیلنے کا موقع میسر آیا تھا۔ جواب میں چوتھے دن کے اختتام تک انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 12 رنز بنالیے،آخری روز اسے ہدف دینے سے قبل 270 رنز کا خسارہ پورا کرنے کا چیلنج درپیش اور بچاؤ کا واحد راستہ پورے دن بیٹنگ کرکے میچ کو ڈرا کرنا ہوگا، انگلش ٹیم سیریز پہلے ہی0-3 سے گنوا چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں