دوران حمل کام کرنے کا رجحان متعارف کرانے والی اداکارائیں

کرینہ کپور سمیت دیگر پاکستانی اور بھارتی ادکاراؤں نے دوران حملہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔

کرینہ کپور سمیت دیگر پاکستانی اور بھارتی ادکاراؤں نے دوران حملہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ اور لالی ووڈ سے منسلک خواتین اداکاراؤں کے لیے سال 2016 تبدیلی کا باعث بنا اور کرینہ کپور، شویتا تیواری اور معروف میزبان صنم جنگ سمیت متعدد اداکاروں نے حاملہ ہونے کے باوجود اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بخوبی سر انجام دے کر نیا رجحان متعارف کرایا۔

گزشتہ برس دنیا بھر میں خواتین کوایک جانب بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب یہ سال انہیں بااختیار اور مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوا اور اس سال بالی ووڈ اور پاکستانی شوبز صنعت سے تعلق رکھنے والی اداکاراؤں نے حاملہ ہونے کے باوجود پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔ ان خواتین نے دوران حمل بھی کام کرکے نہ صرف دنیا میں ایک اہم رجحان کوجنم دیا بلکہ خواتین کے باہمت ہونے پر بھی ایک دلیل قائم کی۔

کرینہ کپور:



اداکارہ کرینہ کپور کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ اداکارہ سیف علی خان سے 2012 میں شادی کے بعد اب وہ بیٹے کی ماں بن چکی ہیں لیکن انہوں نے حاملہ وقت کے دوران اپنی اس مجبوری کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے آڑے نہیں آنے دیا اورحاملہ ہونے کے باوجود فیشن شواور تقریبات میں شرکت کرتی رہیں۔

اداکارہ کرینہ نے حاملہ ہونے کے باوجود ریمپ پر واک کرکے نہ صرف بھارتی معاشرے اور فلم نگری کو حیران کیا بلکہ ان کے عمل سے ایک نئے رجحان نے جنم لیا۔

صنم جنگ:



ٹی وی اداکارہ اور میزبان صنم جنگ پاکستانی ٹی وی کی معروف خاتون میزبان ہیں جنہوں نے ڈراموں کے بعد میزبانی کے میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں جب کہ صنم جنگ بھی امید سے ہونے کے باوجود ٹی وی شو میں باقاعدگی سے میزبانی کے فرائض بخوبی سر انجام دیتی رہیں اور انہوں نے نومبر میں بیٹی کو جنم دیا۔

اداکارہ نے دوران حمل اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھا کرپاکستان میں خواتین کے بااختیار ہونے کی بڑی مثال قائم کردی اور شوبز میں ایک نیاٹرینڈ متعارف کرایا ہے۔

شویتا تیواری:




اداکارہ شویتا تیواری بھارتی ٹی وی کا بڑانام ہیں اور انہوں نے بھارتی ٹی وی کے ڈرامے کسوٹی زندگی سے شہرت حاصل کی جب کہ اداکارہ بالی ووڈ سمیت پاکستانی فلم ''سلطنت'' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

شویتا تیواری نے پہلے سے طلاق یافتہ ہونے اور جواں سالہ بیٹی کی ماں ہونے کے باوجود شادی کرکے بھارت میں ہنگامہ مچادیا تھا لیکن اب امید سے ہونے کے باوجود انہوں نے مقامی فلم نگری کی فلم میں اداکاری کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ شویتا تیواری نے حمل کے دوران کئی تقریبات میں بھی شرکت کی تھی جو بھارت کے خواتین کے لیے درندگی والے ماحول میں امید کی کرن ثابت ہوئی۔ گزشتہ ماہ اداکارہ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔

شویتا سالوے:



اداکارہ شویتا نے 1998 کے مشہور بھارتی ڈرامے''ہپ ہپ ہرے'' سے شہرت حاصل کی اور جلد ہی ٹی وی پر ان کا ڈنکا بجنے لگا جب کہ اداکارہ نے بالی ووڈ کی بھی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور متعدد ٹی وی شوز بھی کیے ہیں۔

اداکارہ نے رواں سال بیٹی کوجنم دیا ہے لیکن انہوں نے دوران حمل پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی اور کئی ڈراموں اور شوز میں شرکت کرتی نظر آئی ہیں جب کہ اداکارہ نے امید سے ہونے کے باوجودفیشن شو میں ریمپ پر واک کی بلکہ اس دوران آگاہی مہم کے لیے ہونے والے شوز میں شوزاسٹاپر رہیں۔

کارل گریشیس:



کارل گریشیس نے رئیلٹی شو ''بگ باس '' سے شہرت حاصل کی اور پھر جلد ہی گلیمرس کی دنیا میں قدم رکھ دیا جب کہ اداکارہ مختلف برانڈز کے متعدد اشتہارات میں کام کرچکی ہیں اور ماڈلنگ میں بھی نام کما چکی ہیں ۔

ماڈل گرل نے کئی فلموں میں آئٹم سانگ بھی کیے ہیں لیکن رواں سال امید سے ہونے کے باوجود اپنے پروفیشنل کام میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی اورکئی دوران حمل ریمپ پر واک کرتی نظر آئیں۔
Load Next Story