انتخابات کے التوا کا مطلب ملک کی تباہی اور بربادی ہوگااسفندیار ولی

ڈرون حملوں کی شدت سے مذمت کرنے والے خودکش حملوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے۔


ویب ڈیسک December 25, 2012
دہشت گردی کے خلاف لڑائی نظام کی لڑائی ہے، اسفندیار ولی، فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات خراب ہیں لیکن انتخابات کا التوا ملک کی تباہی اور بربادی ہوگا،ڈرون حملوں کی مذمت کرنے والے خودکش حملوں کی بھی مذمت کریں۔

پشاور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، نہ ہمارے بزرگوں نے کبھی سرجھکایا نہ ہم جھکائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کا ایک ایک کارکن دہشت گردی کے خلاف آخری وقت تک لڑتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی ہیں اور وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ ان حملوں میں بے گناہ افراد جاں بحق ہوتے ہیں لیکن ڈرون حملوں کی شدت سے مذمت کرنے والے خودکش حملوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے۔ ملک میں ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی جنگجو موجود ہیں یہ بھی ہماری سرزمین کی خلاف ورزی ہے۔

اسفندیارولی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ریاست کی رٹ تسلیم کرنے والوں اور مذاکرات پر آمادہ عناصر سے بات کے لئے ہمیشہ تیار ہے لیکن ریاست کی رٹ نہ ماننے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے ان کے خلاف بھرپور کاروائی ہوگی۔

اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کاخاتمہ سیاسی جماعتوں کی نہیں ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے یہ لڑائی نظام کی لڑائی ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اے این پی کے بعد خودکش حملے بند ہوجائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔ ان کی جماعت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیچھے نہیں ہٹے گی لیکن دہشت گردی کا مقابلہ صرف اے این کا کام نہیں یہ جنگ سب کی ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس کے تدارک کے لئے واضح پالیسی بنانا ہوگی کیونکہ ریاست ہوگی تو سیاست ہوگی اور سیاست ہوگی تو سیاستدان بھی ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں