جولائی تا نومبر غذائی تجارت کا خسارہ31 کروڑ ڈالر کم ہوگیا

برآمدات بڑھنے اور درآمدات میں کمی سے غذائی تجارت کاخسارہ 25 کروڑ ڈالر تک محدود، گزشتہ سال 56 کروڑ ڈالر رہا تھا

گزشتہ 5 ماہ میں 1 ارب 61 کروڑ ڈالر کی خوراک برآمد،1 ارب 86 کروڑ ڈالر کی درآمد کی گئی، پاکستان بیورو شماریات۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال 2012-13 کے پہلے 5 ماہ کے دوران خوراک کی برآمدات میں 2.35 فیصد اضافہ جبکہ اشیا خوردونوش کی درآمدات میں 12.28 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو شماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2012 کے دوران چینی، گوشت، گوشت کی مصنوعات، خوردنی تیل، میوہ جات، مصالحہ جات، سبزیوں، پھلوں، مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5ماہ کے دوران 1ارب 61 کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی اشیابرآمد کی گئیں۔




جبکہ مالی سال 2011-12 کے ابتدائی 5 ماہ میں 1 ارب 57 کروڑ 46 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی اشیا برآمد کی گئیں تھی جبکہ جولائی سے نومبر 2012 کے دوران 1 ارب85 کروڑ 90 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی اشیا درآمدکی گئیں تھی، اس کے مقابلے میں جولائی سے نومبر 2011 کے دوران 2 ارب 13 کروڑ 29 لاکھ 66 ہزار ڈالر کی اشیا درآمد کی گئیں تھی،۔

اس طرح گزشتہ 5ماہ میں غذائی درآمدات میں سال بہ سال 12.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اس طرح پاکستان کو رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران غذائی تجارت میں 24 کروڑ 72 لاکھ 92 ہزار ڈالر کا خسارہ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 55 کروڑ 82 لاکھ 86 ہزار ڈالر کے خسارے سے 31 کروڑ 9 لاکھ 94 ہزار ڈالر یا 55.70 فیصد کم ہے۔
Load Next Story