2012ء کے دوران لالی ووڈ اور بالی ووڈ کے کئی ستارے بچھڑ گئے

کامیڈین لیاقت سولجر، مستانہ، ببوبرال، معین اختر، طاہرہ واسطی، مہدی حسن، لہری، صنم، فیضان پیرزادہ اور ماسٹر رخصت ہوگئے

راجیش کھنہ، دارا سنگھ، جوائے مکھرجی، آچلا سچ دیو، اے کے ہنگل، یش چوپڑا، جسپال بھٹی اور پنڈت روی شنکر بھی دنیا میں نہ رہے۔ فوٹو : فائل

سال 2012 ء اپنے دامن میں جہاں بہت سی خوش گوار یادیں سمیٹ کر رخصت ہو رہا ہے وہیں کچھ دکھ بھی اپنے پیچھے چھوڑے جارہا ہے۔

اس سال بھی لالی ووڈ اور بالی ووڈ کے بہت سے فنکار شہرت کے افق سے ٹوٹے اور تہہ خاک ہوگئے۔ یہ وہ فنکار تھے جنہوں نے شوبز انڈسٹری کے آسمان کو اپنے لازوال فن سے نئی چمک دمک عطا کی لیکن زمین کی بھوک نے انھیں بھی نہیں چھوڑا اور یہ ستارے اپنے چاہنے والوں کو اداس کرکے چلے گئے۔ ماہ مارچ اور اپریل کے مہینے پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوئے جس میں گیارہ مارچ کو ٹی وی اداکارہ طاہرہ واسطی اور 31 مارچ کو تھیٹر اور ٹی وی کے معروف کامیڈین لیاقت سولجر 31مارچ جب کہ گیارہ اپریل کو معروف کامیڈین مستانہ 16 اپریل کو ببوبرال جب کہ 22 اپریل کو ورسٹائل اورلیجنڈرین کامیڈین معین اختر رخصت ہوگئے۔

ابھی یہ غم کم نہیں ہوا تھا کہ 13 جون کو شنہشاہ غزل مہدی حسن طویل علالت کے بعد اگلے جہان چلے گئے' یہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیے ملکہ ترنم نورجہاں اور استاد نصرت فتح علی خان کے بعد تیسرا بڑا صدمہ تھا۔ماہ ستمبر کی 13تاریخ کو فلموں کے معروف کامیڈین لہری اورپانچ نومبر کو اسٹیج اور ٹی وی اداکار سکندر صنم وفات پاگئے۔ماہ رواں کی 22 تاریخ رفیع پیر تھیٹر کے فیضان پیرزادہ اور 24دسمبر کو معروف میوزک ڈائریکٹر ماسٹر منظور چلے گئے۔




بالی ووڈ کے لیے بھی یہ سال کچھ ا چھا رہا جس میں بالی وڈ اداکار راجیش کھنہ جنھیں پہلے سپراسٹار ہونے کا اعزاز ہے' منفرد اسٹائل، ایکٹنگ اور چارمنگ شخصیت کے عوض2 د ہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والا یہ اسٹار 18جولائی کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اوریجنل' ایکشن ہیرو دارا سنگھ 12جولائی کو دنیا چھوڑ گئے۔ دارا سنگھ کا سب سے مقبول اور یادگا ر کردار ٹی وی سیریز 'رامائن' میں ادا کیا جانے والا ہنومان کا رول تھا۔ ماضی کے مشہور رومینٹک ہیرو جوائے مکھرجی 9 مارچ کو انتقال کرگئے ان کی یادگار فلموں میں ''لو ان ٹوکیو''،'' شاگرد''،''ایک بار مسکرادو'' اور'' پھر وہی دل لایا ہوں'' شامل ہیں'موجودہ دور کی اداکارہ کاجول، جوائے مکھرجی کی بھانجی ہیں۔

سینیئر اداکارہ آچلا سچ دیوکو لوگ ان کے اصل نام سے کم اور 'زہرہ جبیں'کے نام سے زیادہ جانتے تھے جس کی وجہ تھی فلم ''وقت'' میں ان پر پکچرائز ہوانے والا مشہور گانا 'اے میر ی زہرہ جبیں'۔ اچلا سچ دیونے 30اپریل کو دنیا سے منہ موڑا۔کیریکٹر ایکٹر اے کے ہنگل 27اگست اس دنیا فانی سے کوچ کیا۔ ستانوے سالہ اے کے ہنگل نے ''شعلے''،'' دیوار''اور'' لگان'' سمیت بہت سی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔بالی وڈ کے ''کنگ آف رومانس'' یش چوپڑا 21اکتوبر کو ممبئی میں چل بسے' آنجہانی نے بالی وڈ کو لازوال رومانٹک اور ایک سے بڑھ کر ایک کامیاب فلمیں ''کبھی کبھی '' ' ''سلسلہ'' ' ''چاندنی'' ' ''ترشول'' اور ''دیوار'' ' ''دل والے دلہنیا لے جائینگے'' اور آخری فلم ''جب تک ہے جاں '' شامل ہیں۔

اسی ماہ کامیڈین جسپال بھٹی 25 اکتوبر کو روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئے۔ جسپال اپنے مخصوص ہلکے پھلکے اسٹائل میں معاشرے کی کمزوریوں اور مسئلوں کو اجاگر کرتے تھے اور کامیڈی کے منفرد انداز کی وجہ سے بہت پسند کیے جاتے تھے۔ ماہ دسمبر کی گیارہ تاریخ کو بے مثال ستار نواز پنڈت روی شنکر 92 سال کی عمر میں امریکا کے شہر سان ڈیاگو کے اسپتال میں گزرے گئے۔ یہ فنکار اب دنیا میں نہیں رہے مگر ان کا فن ہمیشہ ان کے چاہنے والوں میں زندہ رہے گا۔
Load Next Story