پاکستانی اپنے اتحاد سے تمام سازشیں ناکام بنادیں اعجاز حسین

اعجاز حسین ملک میں بزرگان دین کے تمام مزارات کی سائیکل پر زیارت کرچکا ہے


Kashif Hussain December 26, 2012
ہر سال بیس سے بائیس روز سفر طے کرکے کراچی پہنچنے والے اعجاز حسین نے بتایا کہ وہ لاہور کی امامیہ کالونی شہزادہ حسنین چوک توحید پارک کا رہائشی ہے. فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

QUETTA: پاک سرزمین کی محبت سے سرشار بانی پاکستان کا عقیدت مند لاہور کا 55 سالہ رہائشی اعجاز حسین سائیکل پر سفر کرتا ہوا لاہور سے براستہ پشاور کراچی پہنچ گیا۔

اعجاز حسین گزشتہ 29سال سے بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے لاہور سے کراچی براستہ پشاور سفر کررہا ہے اور اب تک ایک لاکھ کلومیٹر کے لگ بھگ سفر سائیکل پر طے کرچکا ہے، اعجاز حسین ملک میں بزرگان دین کے تمام مزارات کی سائیکل پر زیارت کرچکا ہے اور اب بیت اﷲ کی زیارت اور بھارت میں بزرگان دین کے مزارات اور درگاہوں کی زیارت کے لیے سائیکل پر سفر کا خواہش مند ہے۔

ہر سال بیس سے بائیس روز سفر طے کرکے کراچی پہنچنے والے اعجاز حسین نے بتایا کہ وہ لاہور کی امامیہ کالونی شہزادہ حسنین چوک توحید پارک کا رہائشی ہے اور پاک پنجاب میوزک ورک میں محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال رہا ہے گھر چلانے کے لیے اس کے 2 بیٹے بھی محنت مزدوری کرتے ہیں۔

05

اعجاز حسین نے سائیکل پر پشاور سے مزار قائد تک پہلا سفر 1983میں کیا تھا جب سے اب تک ہر سال قائد کے یوم پیدائش پر مسلسل حاضری دے رہے ہیں،30سال قبل سائیکل 260 روپے میں خریدی تھی جو آج تک ان کے جذبے کی طرح مضبوط ہے لاہور سے پشاور کا سفر طے کرنے میں 3روز لگتے ہیں جہاں 2روز آرام کے بعد وہ کراچی کے لیے روانہ ہوجاتے ہیں اور مسلسل 14روز سفر کے بعد کراچی پہنچتے ہیں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر لاہور سے روانہ ہوجاتے ہیں تمام سفر طے کرنے میں بمشکل 2500 سے 3000 روپے خرچ آتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سفر کا مقصد شہرت یا فائدہ اٹھانا نہیں ہے اسی لیے29 سال سے بغیر کسی پبلسٹی کے مزار قائد پر حاضری دے رہا ہوں آج تک کسی اہم شخصیت سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی انھیں کسی قسم کی سرپرستی یا معاونت درکار ہے،اعجاز حسین ملک میں سیاسی افراتفری اور معاشی مسائل کے ساتھ تیزی سے پھیلتے نفاق سے پریشان ہیں ایکسپریس سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میرا تمام پاکستانیوں کو پیغام ہے کہ اﷲ پر توکل رکھتے ہوئے صبر کے ساتھ گزارہ کریں، ہر مسلمان کو مرنے کے بعد اپنے اعمال کے بارے میں خالق کائنات کو جوابدہ ہونا ہے اور اتحاد کے ذریعے ملک اور قوم کے خلاف کی جانے والی تمام سازشیں ناکام بنادیں،اعجاز حسین نے کراچی کے حالات پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں