جدہ جانے والی پرواز کے خفیہ خانوں سے 17 کروڑ کی ہیروئن برآمد

تفتیش کر رہے ہیں کہ اسمگلر ہر بار پی آئی اے کے جہاز کا استعمال ہی کیوں کر رہے ہیں، چیف کلکٹر کسٹمز


Staff Reporter December 22, 2016
جہاز سے برآمد ہونے والی ہیروئن کے معاملے میں پی آئی اے کے 3 لوڈرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے، چیف کلکٹر کسٹمز۔ فوٹو: فائل

کسٹمز پریونٹو نے کراچی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے خفیہ خانوں سے 17 کروڑ روپے مالیت کی براؤن ہیروئن برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف کلکٹر کسٹمز زاہد کھوکھر نے بتایا کہ کسٹمز کا عملہ ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے تعاون سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سرگرم ہے، انھوں نے بتایا کہ منگل کی دوپہر جدہ جانے والے پی آئی اے کے جہاز کی تلاشی لی گئی تو عملے کے زیر استعمال حصے میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے تقریبا 17 کلو برائن ہیروئن پاؤڈر برآمد ہوا،جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت17 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، انھوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے جہاز میں ہیروئن چھپانے والے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

زاہد کھوکھر نے بتایا کہ اسی جہاز سے اس سے پہلے بھی ہیروئن برآمد ہوچکی ہے، انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل پی آئی اے کے جہاز سے برآمد ہونے والی ہیروئن کے معاملے میں پی آئی اے کے 3 لوڈرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے، چیف کلکٹر کسٹمز نے بتایا کہ وہ ان خطوط پر تفتیش کررہے ہیں کہ منشیات کے اسمگلر ہربار پی آئی اے کے جہاز کا استعمال ہی کیوں کررہے ہیں اورکیا اسمگلنگ کے علاوہ وہ اور مقصد بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں