ڈی ریگولیشن سے سی این جی سستی ہوگی وزیر پٹرولیم

اوگرا کے انتظامی امور کابینہ ڈویژن سے وزارت پٹرولیم کو ملے، اوجی ڈی سی ایل ہیڈ آفس میں خطاب


Khususi Reporter December 22, 2016
تیل کمپنی کاپسماندہ علاقوں کے مستحق طلبا واسکالرشپس دینے کیلیے ایچ ای سی سے اشتراک۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ریگولیٹری اتھارٹیر کے انتطامی امور پہلے کابینہ ڈویژن کے پاس تھے، اب وزارت پٹرولیم کے پاس آگئے ہیں، اوگرا بھی اس بات کو ترجیح دیتا ہے تاہم ان کی اتھارٹی اور خود مختاری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، یہ تاثر غلط ہے کہ وزارت پٹرولیم ان کو ڈکٹیٹ کرنا شروع کر دے گی۔

شاہد خاقان عباسی او جی ڈی سی ایل کے ہیڈ آفس میں اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب اور صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے، تقریب میں چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور مختلف یونیورسیٹوں اور اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے، اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر او جی ڈی سی ایل اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن نے مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط کیے، یہ اسکالر شپ انجینئرنگ، سوشل سائنسز، ارتھ سائنس اور دیگر شعبوں سے منسلک پاکستانی یونیورسیٹوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کو دی جائیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سی این جی پٹرول سے 30فیصد سستی ہونی چاہیے، حکومتی فیصلے سے سی این جی سیکٹر از خود قیمتوں کا تعین کرے گا اور اس کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج دیتا ہوں کہ پاکستان میں پٹرول خطے کے پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے والے ممالک کے مقابلے میں 40فیصد سستا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں ایل پی جی کی قیمتیں 2500 روپے فی سلنڈر ہو گئی تھیںٕ، اب یہ صورتحال نہیں، اس کو ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے اب بھی 40 فیصد گیس کی قلت ہے، 25 ہزار روپے لے کر گیس کے10 فیصد کنکشن میرٹ پر دیے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل ) نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں میں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے قابل اور مستحق طلبا کے لیے 2016-17 میں 260 اسکالرشپ دینے کے پروگرام کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے، اس ہایئر ایجوکیشن اسکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر کی مختلف انجینئرنگ یونیورسٹیز کے لیے 130 جبکہ قائداعظم یونیورسٹی کے لیے 80 اور اسلام انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے 50 اسکالرشپ دی جائیں گی، اس کے علاوہ او جی ڈی سی ایل اور ہنر فاؤنڈیشن کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس ایم او یو کا مقصد معاشرے میں پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تا کہ ملازمتوں کے مواقع کو بڑھایا جا سکے، او جی ڈی سی ایل ہنر فاؤنڈیشن کے 69 طلبا جن کا تعلق کمپنی کے آپریشنل ایریا سے ہے کو اس پروگرام کے تحت فنڈز مہیا کرے گی، او جی ڈی سی ایل اس پروگرام کے لیے 141 ملین روپے فراہم کرے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں