سونے کی عالمی قیمت برقرار تولہ 750روپے بڑھ گئی

5ہزار روپے کے کرنسی نوٹ بند کرنے کی قرارداد سے سونے کی طلب بڑھ گئی،ہارون چاند


Business Reporter December 22, 2016
پہلی مرتبہ پاکستان میں سونا دبئی سے 2 ہزار روپے تولہ مہنگا ہے، صدرصراف ایسوسی ایشن۔ فوٹو: فائل

KARACHI: انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی عالمی قیمت برقرار رہنے کے باوجود پاکستانی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا۔ صراف ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت 750روپے اضافے کے بعد 50ہزار 300 روپے جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 643روپے اضافے سے 43 ہزار 114روپے تک پہنچ گئی۔

ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون چاند کے مطابق پارلیمنٹ میں 5ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹوں پر بندش کی قرارداد منظور ہونے کے بعد سونے کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، دوسری جانب سونے کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے ملک کے ایئر پورٹس پر کی جانیوالی سختی کی وجہ سے بیرون ملک سے پاکستان میں سونے کی آمد بھی محدود ہوگئی ہے، اس کے مقابلے میں طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

صدر حاجی ہارون نے کہا کہ سونے کی تجارت میں پہلی مرتبہ دبئی کے مقابلے میں پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2ہزار روپے فی تولہ زیادہ ہے جس سے پاکستان میں سونے کی بڑھتی ہوئی طلب کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ بدھ کے روز چاندی کی قیمت 10 روپے اضافے سے 750روپے فی تولہ جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت 8.57روپے اضافے سے 642.85روپے تک پہنچ گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں