سندھ پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے قادر مگسی

تدارک کے لیے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی تو صوبہ مصیبت میں پھنس جائے گا


Numainda Express December 26, 2012
سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین قادر مگسی اپنی 50ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اگر ہم نے آج اس سے متعلق نہیں سوچا اور تدارک کے لیے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی تو پھر سندھ مصیبت میں پھنس جائے گا اور اسے بچانے کیلیے لانگ مارچ، کانفرنسیں اور احتجاج کسی کام نہیں آئیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کی بقاء کے لیے سیاسی قومی کارکنوں کی تربیت کے لیے ادارے بنانا ضروری ہے، کیونکہ کارکنوں کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے قومی تحریکیں آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے ہوتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹینے دُہرے بلدیاتی نظام کے ذریعے سندھ کو دو ٹکڑے کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں اس نظام کی بنیاد پر ہی قانونی طورپر سندھ کو تقسیم کیا جائے گا ۔ انھوں نے تمام قوم پرست جماعتوں سے اپنی صفیں مضبوط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کے وارث ہونے کی خوش فہمی سے باہر نکل آئیں کیونکہ کل کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم مالک مالک کے نعرے لگاتے رہیں اور دشمن سندھ پر اپنی حکمرانی قائم کر لے۔

4

قبل ازیں ترقی پسند ہاؤس حیدرآباد میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران ڈاکٹر قادر مگسی نے سالگرہ کی مناسبت سے 50 پونڈ وزنی کیک کاٹا۔ اس موقع پر محفل موسیقی کا بھی انعقاد کیا گیا، جبکہ سندھ کے حقوق کیلیے جاری جدوجہد کے حوالے سے ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔ سالگرہ کی تقریب میں ایس ٹی پی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رجب علی میمن، مظفر کلہوڑو، نندلال مالہی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ٹنڈو محمد خان میں بھی ڈاکٹر قادر مگسی کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی۔

اس سلسلے میں ترقی پسند ہائوس میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں ایس ٹی پی کے مرکزی وائس چیئرمین حیدر شاہانی نے سالگرہ کا کیک کاٹا اور سندھ کے لیے جدوجہد پر ڈاکٹر قادر مگسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قادر مگسی نے قوم پرست سیاست کو ایک نئی راہ دکھائی ہے، وہ لسانی تفریق پر یقین نہیں رکھتے، سندھ سے وفاداری کرنے والا کوئی بھی زبان بولتا ہواسے سندھ دھرتی کا بیٹا مانتے ہیں۔

جبکہ سندھ کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے ان کی کھلی جنگ ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں سندھ ترقی پسند پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور سندھ کے عوام سندھ سے غداری کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔سندھ ترقی پسند ہائوس تلہار میں بھی ڈاکٹر قادر مگسی کی 50 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا،اس موقع پر راجہ خواجہ،لال محمد سمو،اسلم سوناراوردیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں