آصف زرداری کی آمد پر خودکش حملے کاخدشہ ہے سندھ پولیس

دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی، اندھا دھند فائرنگ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کر سکتے ہیں، مراسلہ

صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے انتہائی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے، خط۔ فوٹو؛ فائل

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی کراچی آمد کے موقع پر سندھ پولیس نے کراچی سمیت سندھ کے اعلیٰ پولیس افسران کوایک خط جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری کی آمدکے موقع پرخودکش حملے سمیت دہشت گردی کاخدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق اے آئی جی پی آپریشنزسندھ نعیم شیخ کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی سندھ اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس، ڈی آئی جیز حیدرآباد، شہیدبے نظیرآباد، سکھر، میرپورخاص اورلاڑکانہ رینج جبکہ ایس ایس پیزڈسٹرکٹ حیدرآباد اور جام شورو کوایک خط ارسال کیا گیاہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری آج (جمعہ 23 دسمبر کو) کراچی ایئر پورٹ پہنچیں گے اور اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما، عہدے داراور بڑی تعداد میں کارکن ریلیوں کی شکل میں خوش آمدید کہنے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پہنچیں گے، صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے انتہائی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے۔


خط کے مطابق اس موقع پر دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملہ جس میں مرد، عورت یا نوجوان کو استعمال کیا جا سکتاہے، دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی سے بھی خودکش حملہ یا ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے تباہی پھیلاسکتے ہیں۔

 
Load Next Story