پاکستان میں جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے آصف زرداری

سیاسی اداکار دماغ سے فتور نکال دیں کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں، آصف زرداری کا وطن پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب


ویب ڈیسک December 23, 2016
سیاسی اداکار دماغ سے فتور نکال دیں کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں، آصف زرداری کا وطن پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب. فوٹو: آن لائن

KARACHI: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے مایوسی نہیں امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں اور سیاسی اداکار دماغ سے فتور نکال دیں کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں۔



ڈیڑھ سال بعد دبئی سے کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پراستقبال کے لئے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے لئے مایوسی نہیں امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں، جب بھی ملک سے باہر گیا تو سیاسی اداکاروں کی جانب سے کہا گیا کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ذہنوں سے یہ فتور نکال لیں کیونکہ ہم نے تواس ملک میں ہی مرنا ہے اور ہماری تو قبریں بھی گڑھی خدا بخش میں بنیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: آصف زرداری وطن واپس پہنچ گئے



سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہمیں ٹھیک طرح سے انتخابات میں بھی حصہ نہیں لینے دیا گیا لیکن اس کے باوجود ہم نے حکومت بنائی، میاں صاحب کا مینڈیٹ ٹھیک تھا یا غلط یہ اور ہے لیکن ہم نے ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا تاکہ ملک میں جمہوریت پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاشی نظام کو چلانے کے طریقوں میں بہت خامیاں ہیں، ہماری سرحدوں پر بھی کچھ مسائل ہیں لیکن پاکستان کبھی بھی فیل اسٹیٹ نہیں ہوگا اور ہم اس ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اپنے بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، ہم جمہوریت کو آگے بڑھائیں گے اور یہی ہمارا سب سے بڑا انتقام ہے۔



پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان شر پسندوں کا ملک نہیں ہے اور یہاں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے، ایک دن آئے گا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ ایوان میں آئے گی اور مرکز میں ہماری حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم جو جدوجہد کرتی ہے کبھی بھی ہار نہیں سکتیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود پاکستان کا جھنڈا ان کے لئے آزادی کی علامت بن چکا ہے، آج کشمیر میں جو جدو جہد جاری ہے انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور ایک دن کشمیر بن کے رہے گا پاکستان۔



بعدازاں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، مولابخش چانڈیو اور دیگر شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں