کراچی میں حلقہ بندیوں پر عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے رحمن ملک

کراچی میں امن کیلیے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سخت ہدایات جاری کردیں


Staff Reporter December 26, 2012
سیاست اور ریاست ایک دوسرے کیلیے لازم و ملزوم ہیں، انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، دھاندلی کا راستہ بند کردیا، کراچی میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔

اس معاملے پر عدالت عظمیٰ میں نظرثانی کی اپیل دائر ہوچکی ہے، عدالتی فیصلے کا انتطار کیا جائے۔ ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں تاہم آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی منعقد ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انھوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ رحمٰن ملک نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد کی بدولت پاکستان کا قیام عمل میں آیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، بینظیر بھٹو نے اس آئین کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

جو لوگ ملک میںسیاست نہیں ریاست کی باتیں کررہے ہیں، وہ سن لیں کہ سیاست اور ریاست ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میںکوئی غیر آئینی اقدامات نہیں کیے جارہے، آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوںگے، ہم نے انتخابات میں دھاندلی کے تمام راستوں کو بند کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے وہ ملک کے مختلف شہروں میں کاروائیاں کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کرائے گئے لیکن دہشت گرد سن لیں کہ حکومت اور پاکستانی قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

8

انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سندھ حکومت نے سخت ہدایات جاری کردی ہیں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف کاروائی کے لیے سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کے نظریے پر عمل کرکے موجودہ حکومت پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

قبل ازیں انھوں نے ہولی ٹرینیٹی چرچ میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔ رحمان ملک نے بشپ صادق ڈینئل کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ رحمان ملک سے اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی ہم آہنگی پال بھٹی نے بھی ملاقات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں