گابا ٹیسٹ میں فتح کے باوجود تنقید پر ڈیوڈ وارنر سیخ پا ہو گئے

5 مسلسل شکستوں کے بعد آخری 2 ٹیسٹ میچز میں فتوحات کے بعد ناقدین کا رویہ ناقابل فہم ہے،ڈیوڈ وارنر


Sports Desk December 24, 2016
5 مسلسل شکستوں کے بعد آخری 2 ٹیسٹ میچز میں فتوحات کے بعد ناقدین کا رویہ ناقابل فہم ہے، ڈیوڈ وارنر ۔ فوٹو: فائل

برسبین میں کامیابی کے باوجود لعن طعن پر آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر طیش میں آگئے جب کہ انہوں نے اسٹیون اسمتھ کی دفاع حکمت عملی پر اعتراضات کو عجیب قرار دے دیا۔

برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو 39 رنز سے شکست دی تھی، ایک موقع پر یوں محسوس ہورہا تھا کہ گرین کیپس 490 کا ورلڈ ریکارڈ ہدف حاصل کرلیں گے مگر بدقسمتی سے ان کا سفر 450 رنز پر تمام ہوگیا۔ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کے 142 رنز پرڈھیر ہونے کے باوجود مقابلہ پانچویں دن میں جانے، انہیں فالو آن نہ کرانے اور آخر میں دفاعی فیلڈ سیٹنگ کی وجہ سے کپتان اسٹیون اسمتھ پر سخت تنقید ہو رہی ہے، جس پر ان کے نائب ڈیوڈ وارنر خود کو روک نہیں پائے، انہوں نے تمام اعتراضات کو عجیب وغریب قرار دے دیا۔

وارنر نے کہا کہ لوگ اسمتھ کی فیلڈ سیٹنگ، بولنگ تبدیلیوں اور ناتھن لیون کو استعمال کرنے کے انداز میں الٹی سیدھی باتیں کررہے ہیں، آخر میں میچ تو ہم نے ہی جیتا تھا اگر ہم ہار جاتے تو اور بھی زیادہ باتیں ہونا تھیں، پاکستان ٹیم بہت اچھا کھیلی، انہوں نے خود اپنی حوصلہ افزائی کی اور اپنے شاٹس کھیلے، وہ میچ جیتنے کی پوزیشن میں بھی آگئے تھے ایسے میں مچل اسٹارک کی گیند ہمارے لیے گراں قدر ثابت ہوئی جس پر اسد شفیق آؤٹ ہوئے، اب میں نہیں جانتا کہ میچ ہارنے کے باوجود حریف ٹیم کس طرح اعتماد حاصل کرسکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خود وارنر اس وقت اپنی فارم کے حوالے سے عجیب و غریب صورتحال سے دوچار ہیں، انہوں نے ستمبر میں جنوبی افریقہ میں 2 اور پھر اب نیوزی لینڈ کے خلاف اتنی ہی ون ڈے سنچریاں اسکور کی ہیں، رواں برس بیٹسمین نے ایک روزہ کرکٹ میں مجموعی طور پر 1388 رنز 63.09 کی اوسط سے بنائے جس میں 7 سنچریاں شامل ہیں، ٹیسٹ میں ان کیلیے یہ سال مایوس کن رہا، ریڈ اور پنک بال کے ساتھ انہوں نے 2016 میں صرف ایک سنچری بنائی جب کہ مجموعی طور پر 35.52 کی ایوریج سے صرف 604 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |