ترکی میں 10 ہزار افراد کیخلاف ریاست مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات شروع

گزشتہ 6 ماہ کے دوران ایک ہزار 600 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا جنہیں مشکوک سرگرمیوں میں پایا گیا، حکام


ویب ڈیسک December 25, 2016
گزشتہ 6 ماہ کے دوران ایک ہزار 600 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا جنہیں مشکوک سرگرمیوں میں پایا گیا، حکام. فوٹو: فائل

ترک حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث 10 ہزار افراد کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک حکومت نے سوشل میڈیا کا سہارا لے کر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے اور ریاست کے خلاف مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 10 ہزار افراد کے خلاف تحقیقات شروع کردیں جب کہ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سرکاری حکام کے خلاف مسلسل سرگرم اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث 10 ہزار مشکوک افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ ملزمان کے خلاف تحقیقات دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک حصہ ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران ایک ہزار 600 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے کے علاوہ، حکومت کے خلاف پروپیگنڈا اور سرکاری حکام کی بے عزتی کرنے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ ترک حکومت نے رواں سال جولائی میں ناکام بغاوت کے بعد سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے اور اس دوران حکومت کے خلاف کی جانے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہے جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ترک حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں