روس کا فوجی طیارہ بحراسود میں گرکر تباہ 92 افراد ہلاک

طیارے میں فوجی اہلکار، 9 صحافی اور نامورملٹری بینڈ کے 64 افراد شامل تھے جن میں سے کسی کے بچنے کی امید نہیں،وزارت دفاع


ویب ڈیسک December 25, 2016
طیارے میں فوجی اہلکار، 9 صحافی اور نامورملٹری بینڈ کے 64 افراد شامل تھے جن میں سے کسی کے بچنے کی امید نہیں،وزارت دفاع۔ فوٹو: اے ایف پی

روس کے فوجی اہلکاروں، صحافیوں اور دیگر لوگوں کو شام لے جانے والا فوجی طیارہ بحراسود میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 92 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی فوجی طیارہ فوجی طیارے ٹی یو 154 نے سوچی کے ایئرپورٹ ایدلر سے اڑان بھری ہی تھی کہ 2 منٹ بعد راڈار سے غائب ہوگیا اور بحر اسود میں جاگرا۔ طیارے میں فوجی اہلکاروں کے علاوہ 9 صحافی اور نامور ملٹری بینڈ کے 64 افراد شامل تھے جنہیں شام میں سال نو کے موقع پر روسی فوجیوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے لے جایا جا رہا تھا۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق طیارہ ماسکو سے سوچی کے ایدلر ایئرپورٹ پرایندھن بھرانے کے لئے اترا تھا جہاں سے دوبارہ پرواز بھرنے کے بعد ڈیڑھ کلو میٹر دوری پر بحراسود میں گرگیا۔ وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ طیارے کے ریڈار سے غائب ہونے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں تاہم حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کا کوئی امکان نہیں اور اب تک 14 لاشوں کو سمندر سے نکالا جاچکا ہے جب کہ دیگر لاشیں نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میرپیوتن نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور کل ملک بھر میں سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ روس گزشتہ برس سے شام میں بشار الاسد کی حکومت کو داعش کے خلاف فوجی تعاون فراہم کررہا ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔