ڈاکٹرعاصم کو جلد انصاف ملے گا اور انور مجید سے تعلق کا انکار نہیں کرتا آصف زرداری

انورمجید کے ساتھ کیا اور کیوں ہوا یہ وزیر داخلہ سے پوچھا جائے، آصف زرداری


ویب ڈیسک December 25, 2016
پیپلز پارٹی کے 4 مطالابت کی بات 27 دسمبر کو ہوگی، آصف زرداری: فوٹو: فائل

سابق صدرآصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ انور مجید سے تعلقات سے انکار نہیں کرتے جب کہ ڈاکٹر عاصم کو بھی جلد انصاف مل جائے گا۔

کراچی میں مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کے انور مجید سے تعلقات ضرور ہیں لیکن انور مجید کےساتھ کیا اور کیوں ہوا یہ وزیرداخلہ سے پوچھا جائے، انور مجید کا معاملہ عدالت میں ہے اب دیکھتے ہیں کہاں تک جاتا ہے۔

ڈاکٹرعاصم کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم اس گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان بنایا۔ ان کی طبیعت خراب ہے، ڈاکٹرعاصم اور ان کے وکلا سے رابطے میں رہتا ہوں،امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات کی بات 27 دسمبر کو ہوگی، آئین تو انتخابات کی وہی تاریخ دیتا ہے لیکن لوگ ایسے حالات بنا دیتے ہیں کہ انتخابات جلدی ہوں۔ اپنی بیماری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرا علاج لندن اورامریکا میں جب کہ فالو اپ چیک اپ دبئی میں ہوتے ہیں، وہ ڈاکٹرز کی اجازت کے مطابق ہی سفر کرتے ہیں۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ مثبت انداز میں خامیوں پرنظر ڈالیں، خبر سے خبر نہ نکالیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج بانی پاکستان سے عہد وفا کا دن ہے، پاکستان کو قائد کےمطابق چلائیں گے جب کہ انشاء اللہ پاکستان آج سے مزید مضبوط رہے گا ۔ سب سے التجا ہے کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں۔

بعد ازاں سابق صدر آصف زرداری نے ادارہ امراض قلب میں ڈاکٹرعاصم سے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے ڈاکٹرعاصم سے ان کی خیریت دریافت کی اورانہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔