خواجہ آصف نے اسرائیل کو پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے کی یاددہانی کیوں کرائی

آن لائن اخبارمیں دھمکی آمیز جھوٹی خبر شائع ہوئی جس پر خواجہ آصف نےبھی اسرائیل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت سے خبردار کردیا


ویب ڈیسک December 25, 2016
اسرائیل بھول گیا ہے کہ الحمد اللہ پاکستان بھی ایک ایٹمی قوت ہے، خواجہ آصف: فوٹو: فائل

اسرائیل کے سابق وزیردفاع کی پاکستان پر ایٹمی حملے کی خبر گردش کرنے پر وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی اسرائیل کو پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے کی یاددہانی کی ایک ٹوئٹ کی جس پر عالمی میڈیا میں ان کے اس بیان کو نمایاں کوریج دی گئی۔

20 دسمبر کو اسرائیل کےایک آن لائن اخبار اوڈ نیوز ڈاٹ کام (awdnews.com) میں خبر شائع کی گئی جس میں اسرائیل کے سابق وزیردفاع موشے بوگے یالون کو موجودہ وزیر دفاع کی حیثیت سے تعارف کراتے ہوئے لکھا گیا کہ اگر پاکستان نے شام میں داعش کے خلاف یا کسی بھی دوسرے مقصد کے لیے اپنی فوج بھیجی تو اسرائیل اس پر ایٹمی حملہ کردے گا۔ جس آن لائن اخبار پر موشے یالون کے حوالے سے خبر شائع ہوئی وہ اپنی بے بنیاد خبروں کی وجہ سے خاصا بدنام ہے لیکن خبر کو کچھ اس طرح سنسنی خیز بنایا گیا تھاکہ سوشل میڈیا پر یہ گردش کرنے لگی جس پر خواجہ آصف نے بھی اس خبر کی تحقیق کیے بغیر ٹوئٹر پر اسرائیل کو جواب دے ڈالا۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے شام میں داعش کے خلاف اقدامات کی صورت میں پاکستان کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے لیکن وہ بھول گیا ہے کہ الحمد اللہ پاکستان بھی ایک ایٹمی قوت ہے۔

https://twitter.com/KhawajaMAsif/status/812370140507545600?ref_src=twsrc%5Etfw

خواجہ آصف نے اسرائیل کو ٹوئٹ پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تو اسرائیلی وزارت دفاع کا بیان سامنے آگیا جس میں کہا گیا کہ اخبار میں شائع ہونے والا بیان موشے یالون کا نہیں اور وہ اس وقت وزیر دفاع بھی نہیں، ان کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔ اسرائیلی حکومت کی وضاحت کے بعد اب تک خواجہ آصف کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں