بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینا میرے بس میں نہیں وزیر اعلیٰ سندھ

انور مجید کے معاملے کو قانون کے مطابق دیکھ رہے ہیں، 2018 کے انتخابات میں پی پی کامیاب ہوگی


Staff Reporter December 26, 2016
اپیکس کمیٹی کا اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے میں بلائیں گے، مزار قائد پرصحافیوں سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق ملک کو ترقی دینا ہو گی، بلاول بھٹو زرداری کے4 مطالبات جائز ہیں ۔پارلیمنٹ سب سے بڑا ادارہ ہے، پانامالیکس کے معاملے کو وہی دیکھے،2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔ ملک کا بغیر وزیر خارجہ کے چلنا کسی کو نظر نہیں آتا مگرآئی جی سندھ چھٹی پر جاتے ہیں تو وہ سب کو نظر آتا ہے۔ انور مجید کے معاملے کو قانون کے مطابق دیکھ رہے ہیں۔ جنوری کے پہلے ہفتے میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔ آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے مخالفین کو پریشانی ہوئی ہے، بلدیاتی نمائندوں کا اختیارات دینا میرے دائرہ اختیار میں نہیں۔کوشش ہے کراچی میں امن قائم رہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو قائداعظم کے 140 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دینے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ کابینہ کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی جدوجہد سے پاکستان کی آزادی کی تحریک کو شروع کیا اورانھوں نے ہمیں پاکستان دیا۔ ہم سب پر فرض ہے کہ قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو مزید مستحکم اور عوام کی خدمت کریں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد ملک واپس آئے ہیں اورمخالفین ان کی آمد سے پریشان ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری مشکل حالات میں5 برس میں ملک کے صدر رہے،انھوں نے بہت سی مشکلات برداشت کیںلیکن اس کے باوجود انھوں نے ملکی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا۔انھوںنے کہاکہ 18ویں ترمیم ہمارے شریک چیئرمین کی بڑی کامیابی ہے ۔ایم کیو ایم کی جانب سے میئر کے اختیارات سے متعلق مطالبے پرانھوں نے مزید کہاکہ قانونی طور پر بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیے گئے ہیں ،کراچی کے شہریوں کی بہتری کیلیے مل کر کام کریں گے، کوشش ہے کراچی میں امن برقرار رہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ میئر کو اختیارات دینا میرے بس میں نہیں ہے ،کوئی سیاسی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ اس کا حق ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام کر کے دکھائیں، ہم ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ میں امن قائم رہے، جنوری کے پہلے ہفتے میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم کی آصف علی زرداری سے کیا ملاقات ہوئی ہے۔ اس کا مجھے علم نہیں ہے، ڈاکٹر عاصم کی دہشت گردی کے کیس میںضمانت ہو چکی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |