میلبورن ٹیسٹ میں پرانے ستون ڈھیر پاکستانی بیٹنگ کی عمارت لرزنے لگی

پہلے روز بارش کے باعث صرف 50 اوورز کا کھیل ہوسکا جس میں قومی ٹیم نے 4 وکٹ پر 142 رنز بنالیے ہیں

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 23 اور یونس خان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: فائل

میلبورن ٹیسٹ میں پرانے ستون ڈھیر ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ کی عمارت لرزنے لگی جب کہ پہلے روز بارش کے باعث صرف 50 اوورز کا کھیل ہوسکا جس میں قومی ٹیم نے 4 وکٹ پر 142 رنز بنالیے ہیں۔

میلبورن کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کے آغاز میں ہی آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک نے سمیع اسلم کو نشانے پر رکھا اور کئی باؤنسرز کرائے، اظہر علی نے بھی ابتدا میں محتاط انداز اپنایا، ہیزل ووڈ کی ایل بی ڈبلیو اپیل کے بعد اوپنر اگلی بال حیران کن حد تک سوئنگ ہونے کے باوجود وکٹ بچانے میں کامیاب رہے،ایک موقع انھیں اور بھی ملا جب ناتھن لیون کے تھرو پر گیند وکٹوں پر نہ لگ سکی، مہمان ٹیم نے انتہائی سست روی سے 13ویں اوور تک صرف 18رنز بنائے، اسپنر لیون نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند کو کار آمد بناتے ہوئے سمیع اسلم(9) کا شکار کرکے حریف کو پہلا نقصان پہنچایا، اسپن اور باؤنس سے پریشان اوپنر نے سلپ میں اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما دیا۔


بابر اعظم کریز پر سیٹ نظر آرہے تھے، چند اچھی باؤنڈریز بھی حاصل کیں لیکن مجموعی اسکور 60 تک پہنچا تھا کہ وہ وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے جوش ہیزل ووڈ کی باہر جاتی گیند پر سلپ میں اسمتھ کو کیچ دیدیا،نوجوان بیٹسمین نے 23 رنز بنائے، یونس خان صرف 3پر بیٹنگ کررہے تھے کہ جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار دیدیا، سینئر بیٹسمین ریویو کی مدد سے وکٹ بچانے میں کامیاب ہوگئے، یونس کی اننگز میں اعتماد کی جھلک نہیں تھی،22گیندوں پر انہوں نے کوئی رن نہ بنایا،2بار پیسرز کی گیندوں پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے بچے،بالآخر جیکسن برڈ کی ایک گیند کو کراس بیٹ سے کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے، انہوں نے اظہر علی کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلیے 51 رنز جوڑے اور21 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوائی، اس دوران اوپنر اپنی نصف سنچری 110گیندوں پر مکمل کرچکے تھے۔

کھوئی ہوئی فارم کے متلاشی مصباح الحق نے جارحانہ آغاز کیا اور ناتھن لیون کو چھکا جڑ کر حریف ٹیم کو دباؤ میں لانا چاہا، انہوں نے جیکسن برڈ کو بھی چوکا لگایا لیکن پیسر نے حریف کپتان کو چلتا کردیا، نک میڈنسن نے شارٹ لیگ پر گیند کو اچک لیا جب وہ زمین سے ٹکرانے ہی والی تھی، پاکستان نے 4 وکٹ پر 142 رنز بنائے تھے کہ بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب چائے کا وقفہ وقت سے پہلے کرنا پڑا، بعد میں بھی رم جھم جاری رہی، امپائر نے حالات کو دیکھتے ہوئے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا، اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود اور پاکستان کی بڑی امیدیں دونوں ان فارم بیٹسمینوں سے وابستہ ہیں، جیکسن برڈ 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، پہلے دن صرف 50.5اوورز ممکن ہوئے۔
Load Next Story