ٹوکیوکے ہوائی اڈے کے بیت الخلامیں اسمارٹ فون کیلئے بھی ٹوائلٹ پیپر

ٹوائلٹ پیپرکا مقصد لوگوں میں اپنے اسمارٹ فون اسکرین کو صاف رکھنے کا شعور اجاگر کرنا ہے، کمپنی


ویب ڈیسک December 27, 2016
ٹوائلٹ ٹشوز پر جاپان آنے والے مسافروں کو خوش آمدید کے علاوہ وائی فائی سے منسلک ہونے کا طریقہ درج ہے فوٹو: فائل

جاپان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی نے ہوائی اڈے کے بیت الخلا میں خصوصی ٹوائلٹ پیپرز لگائے ہیں جن کا مقصد لوگوں کی توجہ اپنے اسمارٹ فونز کی اسکرین صاف رکھنے پر مبذول کرانا ہے۔

غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق جاپان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی این ٹی ٹی ڈوکومو نے ٹوکیو کے ناریتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے لاؤنج میں واقع 84 بیت الخلاؤں میں خصوصی ٹوائلٹ پیپرز لگائے ہیں۔ ان ٹوائلٹ پیپرز کا مقصد لوگوں میں اپنے اسمارٹ فون اسکرین کو صاف رکھنے کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ اسمارٹ فون کے لیے رکھے گئے ان خصوصی ٹوائلٹ ٹشوز پر جاپان آنے والے مسافروں کو خوش آمدید کے علاوہ ہوائی اڈے میں کمپنی کے مفت وائی فائی سے منسلک ہونے کا طریقہ درج ہے۔

بیت الخلا میں خصوصی ٹوائلٹ ٹشوز رکھنے سے متعلق کمپنی کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے قبل کمپنی کے علم میں ایک تحقیق آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اسمارٹ فون کی اسکرین پر ٹوائلٹ سیٹ سے 5 گنا زیادہ مہلک جراثیم ہوتے ہیں، جس پر کمپنی نے خصوصی ٹوائلٹ ٹشوز رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کمپنی نے بیت الخلا میں ٹشوز رکھنے کے علاوہ ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں جاپان میں عوامی بیت الخلا کو استعمال کرنے کا صحیح طریقہ بتایا گیا۔

واضح رہے کہ 2013 میں ایک سروے سے پتا چلا تھا کہ 11 فیصد برطانوی شہری بیت الخلا میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ استعمال کرتے ہیں جب کہ ان لوگوں میں 20 فیصد افراد کی عمر 18 سے 24 برس کے درمیان تھی۔ سروے کے دوران لوگوں کے فون کی اسکرین کا لٹمس ٹیسٹ کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ان فونز پر ہیضے اور قے سمیت دیگر بیماریوں کی وجہ بننے والے جراثیم کی موجودگی کے ثبوت ملے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں