سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل ہرقیمت پر کی جائے گی سربراہ پاک فوج

پاک فوج ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور ہر میدان میں عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ


ویب ڈیسک December 26, 2016
آپریشن ضرب عضب سے ملکی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، جنرل قمرجاوید باجوہ : فوٹو : فائل

JALALABAD: آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی اور استحکام کے لیے سی پیک منصوبہ انتہائی ضروری تھا جب کہ اس کی بروقت تکمیل ہرقیمت پرکی جائے گی۔





پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام واپس لانے میں پاک فوج اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دیں اور آپریشن ضرب عضب سے ملکی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، اب اس آپریشن کے ثمرات کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے اور ہم ان چیلنجزکو ہرقیمت پربرقراررکھیں گے، پاک فوج ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور ہر میدان میں عوام کی توقعات پر پوری اتری ہے۔



سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ عالمی سیاسی،جغرافیائی اورمعاشی صورتحال بدل رہی ہے اور اس تبدیل ہوتی عالمی صورتحال کےباعث ہمارےخطے پر دنیا بھرکی نظر ہے، معاشی ترقی اور استحکام کے لیے سی پیک منصوبہ انتہائی ضروری تھا، اس کی بروقت تکمیل ہرقیمت پرکی جائے گی کیوں کہ اس نے خطےکی صورتحال تبدیل کردی ہے۔



اس سے قبل کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر، قبیلہ اور ملک ہے اور بلوچستان پاکستان کا بڑا اور اہم صوبہ ہے، اللہ نے بلوچستان کو بے پناہ وسائل اور یہاں کے عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، یہ صوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے بہت کم لوگوں کو پتہ ہے کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے اور آرمی میں مجھے بلوچی کہلانے پر فخر ہوتا ہے۔ بلوچستان میں امن وامان اور ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔



آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اسی لئے دشمن بلوچستان کی ترقی کی راہوں اور روشن مستقبل میں رکاوٹ بننا چاہتا ہے اور صوبے میں بدامنی پھیلا رہا ہے لیکن بلوچ عوام بھی دشمن کی چالوں کوسمجھ گئے ہیں، بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو مسترد کر کے مادروطن پر جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں فخر ہے کہ بلوچستان کے عوام ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے بھی صوبے میں امن قائم کرنےمیں کردارادا کر رہے ہیں، وہ بھائی جو ناسمجھی میں دشمن کےبہکاوےمیں آگئے ہیں ان کےلیےدروازےکھلے ہیں، ہماری جنگ پاکستان کے دشمنوں سے ہے۔



جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج قومی یکجہتی کی مظہر ہے پاک فوج میں تمام صوبوں کی نمائندگی ان کی آبادی کے تناسب سے ہے،بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو فوج، ایف سی ، پولیس اور دیگر اداروں میں شامل کیا جارہا ہے، بلوچ بھائیوں کی ترقی کی منزل اب حقیقت بن چکی ہے وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، سی پیک خطےکوترقی کےنئےدورمیں داخل کردے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں