ٹنڈو آدم 25مسلح افراد کا دکانداروں پر حملہ فائرنگ و تشدد سے 6زخمی

ملزمان کی پولیس کی موجودگی میں بمبئی بازار پر چڑھائی، دکانداروں پر کلہاڑیاں اور ڈنڈے برسائے، بازارمیں بھگڈر مچ گئی

فائرنگ کے باعث دکانداروں اور خریداروں میں بھگڈر مچ گئی بعض دکاندار دکانیں کھلی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ٹنڈوآدم کے بمبئی بازار کے دکانداروں پر مسلح افراد کا حملہ، وحشیانہ تشدد، شدید فائرنگ، کلہاڑیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال سے 6دکاندار زخمی واقعے کے خلاف شہر بند مکمل ہڑتال، تھانے کا گھیرائو۔

تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم کے بمبئی بازار میں 25سے زائد مسلح افراد نے دکانداروں کو یرغمال بنا کر وحشیانہ تشدد کیا کلہاڑیوں اورڈنڈوں کے آزادانہ استعمال اور فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار محمد علی غوری، محمد انیس غوری، ناصر غوری، شیر خان غوری، کامران کھوکھر اور 10سالہ بلال غوری شدید زخمی ہوگئے۔

مسلح افراد نے پولیس کی موجودگی میں کارروائی کی اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن اور ایک درجن اہلکاروں کے سامنے باآسانی فرار ہوگئے فائرنگ کے باعث دکانداروں اور خریداروں میں بھگڈر مچ گئی بعض دکاندار دکانیں کھلی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے اور شہر میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا، اطلاع ملتے ہی زخمیوں رشتے دار اور دیگر دکاندار بھی جمع ہوگئے اور انھوں نے شہر میں کھلی غنڈہ گردی اور تشدد پر پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے، واقعے کے خلاف مختلف بازاروں سمیت شہر مکمل بند ہوگیا، دکانداروں نے سٹی تھانے اے سیکشن کے سامنے شدید احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔




6زخمیوں کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا جہاں سے محمد علی غوری، ناصر غوری، انیس غوری، شیر خان غوری اور کامران کھوکھر کوفوری طور پر سول اسپتال حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔ متاثرہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہماری دکان پر آئے دن حملہ آور دھمکیاں دیتے تھے جس کی ہم نے مقامی، ضلعی، ڈویژنل پولیس کو شکایات کی اور تمام سرکاری حکام ،سیاسی و سماجی رہنمائوں کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

پولیس کی موجودگی میں حملہ آور فائرنگ کرتے رہے کلہاڑیوں اور ڈنڈے برساتے رہے مگر کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا۔ شہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھ کر شہری اتحاد کے صدر عبدالعزیز غوری، جنرل سیکریٹری غلام قادر قریشی، انجمن تاجران کے رہنما فرید الدین غوری شیخ ، سابق تعلقہ ناظم و پیپلز پارٹی کے رہنما لالہ محمد ایوب خان، نوید ڈیرو اور سیکڑوں افراد تھانے پہنچ گئے، پولیس نے حملہ آوروں شعیب چاندا، شیر علی، نور علی، یاسر، سکندر بیھن اور 15نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرکے شیر علی کو گرفتار کر لیا ہے۔
Load Next Story