میچ کے بعدکامران اکمل اور ایشانت شرما کی صلح

میچ کے اختتام پر ایشانت شرما پاکستانی ڈریسنگ روم گئے اور کامران کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’ پا جی تینوں کی ہو گیا سی‘‘.

ایشانت نے وضاحت کی کہ انھوں نے کامران کو گالی نہیں دی انھیں غلط فہمی ہوئی تھی, ذرائع. فوٹو: بی سی سی آئی

پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل اور بھارتی پیسر ایشانت شرما میں صلح ہو گئی۔ ڈریسنگ روم میں گلے شکوے دور کرنے کے بعد دونوں جہاز میں قریب بیٹھ کر ہنسی مذاق بھی کرتے دکھائی دیے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران کامران اور ایشانت میں تلخ کلامی ہوئی تھی،آئی سی سی میچ ریفری نے دونوں پر جرمانہ بھی عائد کیا،ذرائع کے مطابق میچ کے اختتام پر ایشانت شرما پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم گئے اور کامران کو مخاطب کر کے کہا کہ '' پا جی تینوں کی ہو گیا سی'' دونوں کچھ دیر تک بات چیت کرتے رہے ایسے میں چند دیگر سینئرز بھی آ گئے اور سمجھانے لگے،ایشانت نے وضاحت کی کہ انھوں نے کامران کو گالی نہیں دی انھیں غلط فہمی ہوئی تھی۔




یوں گلے شکوے دور ہو گئے، بعد میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں جب بدھ کی صبح بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ بنگلور سے احمد آباد روانہ ہوئیں تو اس دوران کامران اور ایشیانت قریب بیٹھے دکھائی دیے، دونوں ہنسی مذاق کرتے رہے اورگذشتہ شب کی لڑائی کی کوئی تلخی محسوس نہیں ہوئی، اس فلائٹ میں ٹیموں کے ساتھ ٹیلی ویژن کریو اور کمنٹیٹرز بھی شامل تھے، ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ بیحد دوستانہ رویہ ہے۔

مہندرا سنگھ دھونی اور ویرت کوہلی کی کئی کرکٹرز سے اچھی دوستی اور میچ کے بعد کافی وقت ساتھ بھی گذارا، پلیئرز نے ایک دوسرے کے ساتھ کئی بار کھانا بھی کھایا۔ دریں اثنا ذرائع نے مزید بتایا کہ احمد آباد میں بنگلور سے بھی زیادہ سیکیورٹی انتظامات ہیں، ٹیم کے فلور میں پرندہ بھی پر نہیں مار سکتا، لفٹ سے اترتے ہی 4،5 اہلکار گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں، بنگلور میں پاکستانی ٹیم ہوٹل اور اسٹیڈیم کے سوا کسی تیسری جگہ نہیںگئی، احمد آبادمیں بھی ایسا ہی ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story