باکسنگ ڈے پر زوردار آسٹریلوی پنچسری لنکا چکرا گیا

آسٹریلیا نے سری لنکا کے پہلی اننگز میں 156 کے جواب میں 3وکٹ پر 150رنز بنالئے۔


AFP December 27, 2012
آسٹریلیا نے سری لنکا کو 156 رنز پر ہی آؤٹ کردیا۔ فوٹو : اے ایف پی

باکسنگ ڈے پر زوردار آسٹریلوی پنچ سے سری لنکا چکرا گیا، دوسرے ٹیسٹ کے پہلے ہی روز 156 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔


کمار سنگاکارا 58 رنز کے ساتھ تھوڑی مزاحمت کرپائے، مچل جونسن نے 4 وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلیا نے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں پر 150 رنز بنالیے، صرف 6 رنز کا خسارہ باقی رہ گیا، ڈیوڈ وارنر نے 62 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے جیکسن برڈ نے اپنی دسویں ہی گیند پر ڈیموتھ کارونارتنے کو 5 رنز پر وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کا کیچ بنادیا، دلشان(11) تین اوورز بعد مچل جونسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جے وردنے(3) کے سڈل کی گیند پر ویڈ کے ہاتھوں کیچ ہوتے ہی ٹیم کی مشکلات بڑھ گئیں۔


3


تھلان سمارا ویرا (10) کو برڈ نے وارنر کا کیچ بنوایا، انجیلو میتھیوز (15) سڈل کی گیند پر ہسی کا کیچ بنے، پرسنا (24) اور دھمیکا پرساد کو جونسن نے مسلسل دوگیندوں پر میدان بدر کیا، کمار سنگاکارا کافی دیر تک ڈٹے رہے، مگر 98 گیندوں پر 58 رنز بناکر جونسن کی 200 ویں ٹیسٹ وکٹ بنے، ویڈ نے بھاگتے ہوئے خوبصورت انداز میں کیچ تھاما، ہیراتھ (14) اور ویلی گیدیرا (0) کو اسپنر ناتھن لیون ایک ہی اوور میں قابو کیا، جونسن نے 4 جبکہ برڈ، سڈل اور لیون نے 2،2وکٹیں لیں۔ جواب میں آسٹریلیا کا آغاز برق رفتاری سے ہوا۔


وارنر اور ایڈ کوان نے 106 گیندوں پر 95 کی اوپننگ شراکت قائم کی، وارنر نے چوتھی ٹیسٹ ففٹی 34 گیندوں پر مکمل کی، 62 رنز پر وہ میتھیوز کی شارٹ بال پر ڈیپ مڈ وکٹ پر موجود پرساد کا کیچ بن گئے، ہیوز (10) رن آئوٹ ہوئے جبکہ کوان (36) کو پرساد نے مہیلا کا کیچ بنایا، آخری لمحات میں سری لنکن فیلڈرز نے کلار ک اور شین واٹسن کے کیچ ڈراپ کیے جو دن کے اختتام پر بالترتیب 20 اور 13 پر ناٹ آئوٹ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں