بلاول کرپشن پر بات کرنے سے پہلے اپنے والد کی طرف ضرور دیکھیں عابد شیر علی

اپوزیشن اگر کرپشن کے خلاف سنجیدہ ہے تو آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر قانون سازی کرے، رہنما (ن) لیگ

اپوزیشن اگر کرپشن کے خلاف سنجیدہ ہے تو آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر قانون سازی کرے، رہنما (ن) لیگ، فوٹو؛ فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن کرپشن کے خلاف سنجیدہ ہے تو آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر قانون سازی کرے اور عمران خان اپنے قریبی ساتھیوں اور پیپلزپارٹی اپنے گھر سے کرپشن کے خاتمے کا آغاز کرے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مردہ گھوڑے میں جان ڈال رہی ہے تاہم آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری کا اسمبلی میں آنا خوش آئند ہے ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے، بلاول بھٹوزرداری کو حکومت اور کرپشن کے خلاف نعرہ لگانے سے پہلے اپنے پیچھے مڑ کر اپنے والد آصف علی زرداری کو دیکھ لینا چاہیے تھا تو شاید انہیں خود پتہ چل جاتا اور شرم سے سر جھک جاتا۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا الیکشن لڑنے کا اعلان

عابدشیرعلی نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی سنجیدہ مطالبات پیش کرتی تو اسے سنجیدگی سے لیا جاتا لیکن ان کے پیش کردہ مطالبات غیر سنجیدہ ہیں جب کہ غیر سنجیدہ لوگوں نے ہی مطالبات کیے، عمران خان جیسے غیر سنجیدہ لوگ صرف جھوٹ اور الزامات کا سہارا لیتے ہیں، قوم نے بھی دیکھ لیا کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں، روز کہتے تھے کہ ثبوت لاؤں گا لیکن کہاں گئے وہ ثبوت؟ عمران خان نے نیب کو بہتر بنانے کے لیے کتنے بل پیش کیے؟

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف سازشوں کے تانے بانے 3 سالوں سے بنے جارہے ہیں، ہمیں ہرروز گھر بھیجا جاتا ہے ہم روز سنتے ہیں کہ حکومت کل جارہی ہے اور آج جا رہی ہے ہرروز تھرڈ امپائر کا انتظارکیا جاتا ہے، اب اپوزیشن کی جانب سے کس کے خلاف اور کس لیے احتجاج شروع کیا جارہا ہے ؟ اپوزیشن اگرکرپشن کے خلاف سنجیدہ ہے تو ہمارے ساتھ آئے ہم مل کر قانون سازی کرتے ہیں کیونکہ سڑکوں پر قانون نہیں بنتے اور نہ ہی احتساب کے فیصلے ہوتے ہیں، پیپلزپارٹی والے اپنے گھر سے کرپشن کے خاتمے کا آغاز کرے اور عمران خان اپنے قریبی لوگوں سے احتساب شروع کریں۔
Load Next Story