سنگاکارا10ہزار ٹیسٹ رنز بنانیوالے11ویں کرکٹربن گئے

سنگاکارا نے 195 اننگز میں 10 ہزار رنز بناکر سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔


Sports Desk December 27, 2012
کمارا سنگاکارا 30 ٹیسٹ سنچریاں اور 8 ڈبل سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے 11 ویں کرکٹر بن گئے، وہ تیز رفتاری سے اس سنگ میل تک پہنچنے میں سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کے ہمسر بنے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنگاکارا نے مچل جونسن کو چوکا جڑ کر10 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کیے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے سری لنکا کے دوسرے اور مجموعی طور پر 11ویں کھلاڑی ہیں،انھوں نے یہ کارنامہ 195 اننگز میں انجام دیا اس طرح تیز رفتاری سے اس سنگ میل تک پہنچنے کا سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ 27 اکتوبر 1977 کو پیدا ہونے والے سنگاکارا نے 20 جولائی 2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف گال میں ڈیبیو کیا تھا، وہ اب تک 30 ٹیسٹ سنچریاں اور 8 ڈبل سنچریاں اسکور کرچکے اوراوسط 55.65 ہے۔

3

سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹاپ پر سچن ٹنڈولکر 15645 رنز کیساتھ موجود ہیں، دوسرے نمبر پر حال ہی ریٹائرڈ ہونیوالے پونٹنگ (13378) ہیں، راہول ڈریوڈ (13288) تیسرے، جیک کیلس (12980) چوتھے، برائن لارا (11953) پانچویں، ایلن بورڈر (11174) چھٹے اور اسٹیووا (10927) ساتویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں شیونرائن چندر پال (10696) کا آٹھواں نمبر ہے جبکہ مہیلا جے وردنے (10674) نویں اور سنیل گاوسکر (10122) دسویں نمبرپر موجود ہیں۔ دریں اثنا سری لنکا کے کوچ گراہم فورڈ کا کہنا ہے کہ کمار سنگاکارا ٹیم کے ایک اہم ممبر اور ساتھی پلیئرز بھی ان کا کھیل دیکھنا پسند کرتے ہیں، تیز رفتاری سے 10 ہزار رنز مکمل کرکے انھوں نے اپنے ٹاپ بیٹسمین ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں