سی پیک کی بروقت تکمیل کا وعدہ

اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے راہداری منصوبہ بڑی اہمیت رکھتا ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ


Editorial December 27, 2016
اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے راہداری منصوبہ بڑی اہمیت رکھتا ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ : فوٹو : فائل

لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ضرب عضب کے ثمرات کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے، اس وقت ہمارا خطہ پوری دنیا بھرکی توجہ کا مرکز ہے، سی پیک کو ہر قیمت پر بروقت مکمل کیا جائے گا، اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے راہداری منصوبہ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فوج عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، فوج اور قوم نے بیش بہا قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا ہے۔ آرمی چیف نے در حقیقت بلوچستان سمیت پورے ملک میں دہشتگردوں کے خلاف عسکری عزم اور سی پیک کی بروقت تکمیل کا وعدہ کیا ہے جو مستحسن ہے۔

سی پیک بلاشبہ دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، ملکی اور غیر ملکی ماہرین بھی اب اسے ملکی اقتصادی تبدیلی کا غیر معمولی منصوبہ قرار دے رہے ہیں، ممتاز فرانسیسی ماہر ڈاکٹر ژاں فرانکوئی ڈی میگلیونے ایک حالیہ سمینار میں سی پیک کو گیم چینجر منصوبہ قراردیا ہے، اگرچہ انھوں نے کہا کہ یورپ ابھی تک سی پیک کی افادیت پر تذبذب کا شکار ہے تاہم جرمنی اور فرانس اسے مشکل مگر غیر معمولی ٹاسک سمجھتے ہوئے اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ تاہم اس موقع پر حکام کو یاد دلانا ضروری ہے کہ ہمہ جہت امن ہر حال میں اولین ترجیع رہے۔

بہرحال یہ اطلاع خوش آیند ہے کہ سی پیک منصوبہ کے تحت چین نے 3 نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی ہے، میڈیا کے مطابق یہ سرمایہ کاری مغربی روٹ کے لیے ہوگی،اس روٹ پر گوادر سے سوراب تک 560 کلومیٹر طویل سڑک پہلے ہی تعمیر ہوچکی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کے طابق چین نے تین سڑکوں کی تعمیر کے لیے 7.76 ارب ڈالر کے سافٹ لون کی منظوری ہے جب کہ منصوبہ کی مجموعی سرمایہ کاری 1.025ٹریلین ہوچکی ہے۔

ادھر چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا شیئنگ نے کہا ہے کہا اگر بھارت نے پاکستان کی پیش کش قبول کرتے ہوئے سی پیک میں شمولیت اختیار کی تو چین اسے خیر سگالی پر مبنی خوش گوار حیرت سے تعبیر کریگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ''کھلی پیش رفت'' ہے جو ون بیلٹ ون روڈ پروجیکٹ سے منسلک ہے۔ سی پیک سے بین الملکی قربت ، علاقائی ترقی ، استحکام اور خوشحالی جڑے ہوئے ہیں۔

جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ بلوچستان سے انشا اللہ جلد علاقائی لیڈرشپ ابھرے گی اور ملک کو اقتصادی طاقت عطا ہوگی جب کہ چین دیگر ملکوں کی سی پیک میں شمولیت پر بھی پاکستان سے صلاح مشورہ کریگا ۔ واضح رہے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننت جنرل عامر ریاض بھارت کو سی پیک جوائن کرنے کی پیش کش کرچکے ہیں۔

دریں اثنا کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنیوالے بھائیوں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ سی پیک بلوچستان کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کریگا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے گوادر سمیت پورے بلوچستان میں سماجی ترقی کا عمل تیز کیا جائے اور ماہی گیری ، تعلیم، صحت اور آبرسانی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں