پیپلز پارٹی شہیدوں کے خون سے غداری نہیں کریگی زرداری

عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرینگے،صدر کی مالاکنڈڈویژن کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد:صدر زرداری شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر زیتون کا پودا لگانے کے بعد دعا مانگ رہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

صدرآصف زرداری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی ، پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، وہ کبھی بھی اپنے شہیدوں کے خون سے غداری نہیں کرے گی ۔ وہ جمعرات کوپیپلزپارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سینیٹر سردار علی خان کی قیادت میں مالاکنڈ ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین کے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔


وفدکے دیگر ارکان میں ایم این اے نجم الدین خان، علائوالدین، ڈاکٹر افسر الملک، جہانگیر خان، سرزمین خان، زین العابدین اور رازی خان شامل تھے، اس موقع پر ڈاکٹر افسر الملک نے خیبر پختونخوا میں نواز دور کے برطرف ملازمین کی عدم بحالی پر تشویش کا اظہارکیا اورمطالبہ کیا کہ برطرف ملازمین کو جلد از جلد بحال کیا جائے ، ملاقات میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،صدر نے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوامیں پیپلزپارٹی کے کارکنوںکے مسائل کے حل کیلیے جلدٹھوس اقدامات کیے جائیںگے ۔

صدر سے ڈنمارک کے سبکدوش ہونے والے سفیراوفی وولف ہیچل نے بھی الوداعی ملاقات کی ، اس موقع پر صدر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کومزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ دریں اثناصدرآصف علی زرداری نے جمعرات کو ایوان صدر میں زیتون کا پودا لگاکر مون سون کی شجرکاری مہم کاآغاز کردیا۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ تیز تر موسمیاتی تغیرات اور عالمی حدت جیسے مسائل کے پیش نظر درختوں کو تحفظ فراہم کرنا اور مزید پودے لگانا اشد ضروری اور ہماری قومی ذمے داری ہے۔
Load Next Story