بینظیر کی 5ویں برسی جیالے گڑھی خدابخش پہنچ گئے صدر زرداری

صدرکی مزار پر حاضری و فاتحہ خوانی، سیکیورٹی سخت، بی بی کا مشن پورا کرینگے، صدر،وزیراعلیٰ سندھ اوردیگر کے پیغامات


Numaindgan Express December 27, 2012
لاڑکانہ:صدر آصف علی زرداری گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکی 5 ویں برسی ملک بھر میںجمعرات 27دسمبر کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

بدھ کو صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر شہید محترمہ بینظیر کے زمار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں صدر زرداری نے پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف، سینیٹر اسلام الدین شیخ ودیگر رہنمائوں کے ہمراہ گڑھی خدا بخش بھٹو جیسے قصبے میں ساڑھے 7کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونیوالے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کیا اور اسٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں پی سی بی کے افسران سے ملاقات کی۔ دوسری جانب گرائونڈ میں جاوید میاں داد اور انتخاب عالم کی سربراہی میں پریذیڈنٹ اور چیئرمین الیون کے درمیان افتتاحی میچ ہوا جو کہ پریذیڈنٹ الیون نے جیت لیا۔

01

اس موقع پر صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں عالمی سطح کی تمام سہولتوں کو پورا کرتے ہوئے فائیو اسٹار ہوٹل، سوئمنگ پول، ٹینس کورٹ بنایا جائیگا اور بہت جلد ادھر انٹرنیشنل ٹیمیں آکر کھیلیں گی، علاوہ ازیں پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کی میٹنگ آج شام 8بجے متوقع ہے۔آن لائن کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کی برسی کے موقع پر سیاست میں آنے کا باضابطہ اعلان کریںگے۔ صدر زرداری کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ سیاست میں آنے کے اعلان کرکے بلاول آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریںگے ۔اے پی پی کے مطابق شہید بینظیر کی برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر کی برسی پر سوگ کے ساتھ ان کی زندگی کی بے مثال قربانیوں اور اقدار کی بھی یاد آتی ہے۔

27 دسمبر ملکی تاریخ کا افسوسناک دن ہے جس دن قوم ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی، جنھیں اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ہم انتہاپسندی اور شدت پسندی کے خلاف ان کی جدوجہد کو بھی سراہتے ہیں جس میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ اس موقع پر ہم ان کے مشن کو مکمل کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک سے شدت پسندی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلیے پوری طاقت سے لڑیں گے، ''زندہ ہے بی بی زندہ ہے''۔صدر نے کہا کہ آج ہمیں ان لوگوں کو بھی سلام کرنا چاہیے جنھوں نے بی بی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور ان لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جنھوں نے شدت پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں دیں۔

کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے پانچواں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 دسمبر دنیا کی تاریخ میں ایک المناک اور سوگوار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ دنیا بالخصوص پاکستان کے کروڑوں عوام کبھی اپنی محبوب قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھلا نہیں سکیں گے۔ محترمہ بینظیر بھٹو جیسی لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، وہ ہم سے جسمانی طور پر تو جدا کردی گئیں لیکن روحانی طور پر ہماری رہنمائی کررہی ہیں۔ ہم محترمہ شہید کی عظیم قربانی اور ان کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم نو کا عہد کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدائے جمہوریت کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ محترمہ کی شہادت سے دشمن پاکستان اور عوام و جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا لیکن شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ''پاکستان کھپے، پاکستان کھپے ''کا نعرہ لگا کر ان کے تمام مذموم ارادوں اور منصوبوں کو ناکام بنادیا۔ اے پی پی کے مطابق اس موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی، دعائیہ تقاریب، کانفرنسیں، سیمینار، مذاکرے دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ تقریبات سے مرکزی اور مقامی قائدین خطاب کریںگے۔ اس موقع پرمحترمہ کی ملک وقوم اور جمہوریت کیلیے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے شمعیں روشن کی جائیں گی۔ ریڈیو، ٹی وی چینل خصوصی پروگرام پیش کریں گے جبکہ اخبارات اس سن کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

بینظیر بھٹو شہید کی بچپن سے شہادت تک کی یادگار تصاویر اور ان کی تقاریر کی کیسٹوں کی فروخت کیلیے باقاعدہ اسٹال بھی لگائے جائیں گے جبکہ تقریبات میں محترمہ کی آخری یادگار تقریر بھی سنائی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سے بدھکو خصوصی ٹرین سیکڑوں جیالوں کو لیکر لاڑکانہ روانہ ہوئی۔پارٹی کارکن محترمہ کی پانچویں برسی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کر رہے ہیں کہ محترمہ شہید کے مشن کو جاری رکھا جائے گا، مظلوم عوام کے حقوق کی حفاظت اور جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جلائی گئی شمع ہمیشہ روشن رہے گی۔

آن لائن کے مطابق گڑھی خدابخش میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔7 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے جبکہ مختلف راستوں پر220پولیس چوکیاں بھی قائم کردی گئیں اور پولیس کے ساتھ ساتھ ایک ہزاررینجر اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے اور 200 کے قریب واک تھروگیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ تقریب کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ پارٹی رہنمائوں کے خطاب کیلیے خصوصی اسٹیج بھی تیار کیا گیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں