ڈبل سنچری کے بعد کئی ریکارڈ اظہر علی کی جھولی میں آ گرے

اظہرعلی دنیا کے چھٹے اوپننگ بیٹسمین ہیں جنہوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں دو مرتبہ 200 یا اس سے زائد رنز سکور کئے


Sports Desk December 28, 2016
اظہر علی پہلے غیرملکی اوپنر ہیں جنہوں نے میلبورن میں ڈبل سنچری سکور کی ہے : فوٹو : فائل

آسٹریلیا میں ڈبل سنچری بنانے اور ایک سال میں یہ کارنامہ دو بار انجام دینے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری کے بعد متعدد ریکارڈز اظہر علی کی جھولی میں آ گرے۔ ون ڈے کپتان اظہر علی آسٹریلیا میں ڈبل سنچری بنانے اور ایک سال میں یہ کارنامہ 2 بار انجام دینے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنر اظہرعلی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے جہاں شائقین سے خوب داد وصول کی وہاں ڈبل سنچری بنانے کے بعد کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب رہے۔ وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنہوں نے ایک سال میں 2 ڈبل سنچریاں بنائی ہیں۔

میلبورن میں 205 رنز ناٹ آؤٹ سے قبل وہ اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں 302 رنز ناٹ آؤٹ بنا چکے ہیں۔ اظہرعلی نے آسٹریلیا میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، اس سے قبل ماجد خان کی 158 رنز کی اننگز کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا سب سے زیادہ سکور تھا، مجموعی طور پر یہ پانچواں موقع ہے جب آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی وینیو پر پاکستانی بیٹسمین نے ڈبل سنچری سکور کی ہے، یونس خان نے 2014-15 میں ابوظبی میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

اظہر علی پہلے غیرملکی اوپنر ہیں جنہوں نے میلبورن میں ڈبل سنچری سکور کی ہے، پہلے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے پاس تھا جنہوں نے 195 رنز بنا رکھے ہیں۔ اظہر علی میلبورن میں ڈبل سنچری کرنے والے دنیا کے تیسرے اوپننگ بیٹسمین بننے کے بعد جسٹن لینگر اور بل لاری کے ساتھ ریکارڈ کی شراکت میں شامل ہو گئے ہیں۔

ون ڈے کپتان دنیا کے چھٹے اوپننگ بیٹسمین ہیں جنہوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں دو مرتبہ 200 یا اس سے زائد رنز سکور کئے، اس سے قبل وریندر سہواگ، گریم سمتھ، مارون اتاپتو، گورڈن گرینج اور گلین ٹرنر بھی دو دو ڈبل سنچریز سکور کر چکے ہیں۔ 32 سال بعد کسی اوور سیز بیٹسمین نے میلبورن میں ڈبل سنچری کی ہے، اس سے قبل ویون رچرڈز، ویلی ہیمنڈ 1928ء اور اوبرے فالکنر 1910ء میں ایسا کر چکے ہیں۔

اظہر چوتھے اوورزسیز اوپنر ہیں جنہوں نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ ڈبل سنچریز بنا رکھی ہیں، الیسٹر کک، روی شاستری اور ایڈی بارلو یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اظہر نے ایک اوپنر کے طور پر سال میں 939 رنز سکور کئے ہیں، اس سے قبل صرف محسن خان بطور اوپنر ایک سال میں 1029 رنز سکور کر چکے ہیں، مجموعی طور پر ایک سال میں 1155 رنز کے ساتھ اظہر کسی بھی پوزیشن پر کھیل کر زیادہ رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں، محمدیوسف 1788 اور یونس خان 1179 رنز سکور کر چکے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں