نواز اور بینظیر نے بھی لانگ مارچ کیے ہمارا احتجاج خطرہ کیسے ہوگیا طاہر القادری

الیکشن کا التوا نہیں چاہتا، وہ کام کرنے جارہا ہوں جو بینظیر اور نواز شریف کرچکے ، انھوں نے فوج سے بھی مشاورت کی تھی

مارچ کے انتظامات اور ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم کے لیے 100 سے زائدکمیٹیاں تشکیل، کارکنوں کو تیاری کی ہدایت۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے اپنے مقاصد کے حصول کیلیے لانگ مارچ کیے اور اس سلسلے میں فوج سے بھی مشاورت کی، پھر ہمارا لانگ مارچ جمہوریت کے لیے کیسے خطرہ ہو گیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ میں انتخابات کا التواء نہیں چاہتا میں وہ کام کرنے جارہا ہوں جو بینظیر بھٹو 1997ء میں کر چکی ہیں، پیپلزپارٹی کے دوست مجھ پر الزام لگا رہے ہیں وہ سوچیں کہ یہ تو محترمہ کی سوچ ہے، مرحومہ کا مارچ ، ماورائے آئین اقدام تھا، نہ جمہوریت کو کوئی خطرہ لاحق ہوا ، تو میں بھی تو وہی کام کرنے جا رہا ہوں، دوسری جانب نواز شریف عدلیہ کی بحالی کیلیے لانگ مارچ کر سکتے ہیں اور آرمی کی مشاورت سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے تو میں کونسا نیا جرم کرنے جارہا ہوں جو محترمہ اور نواز شریف نے نہیں کیا ۔

قبل ازیں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنوں کو مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 14جنوری کو اسلام آبادکی طرف مارچ کی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے ،عوامی مارچ کے انتظامات اور ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم کیلیے شیخ زاہد فیاض کی سربراہی میں 100سے زائد کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔




تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کے پاس14 جنوری کے عوامی مارچ کو روکنے کاواحدراستہ 10جنوری سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کواعتماد میں لے کر نگران سیٹ اپ کا قیام ہے، نگران حکومت کے مینڈیٹ میں آئینی شقوں کے مطابق انتخابی اصلاحات کے بعد 90دن کے اندر انتخابات ہوں۔

انھوں نے پاکستان کے عوام ،اندرون اور بیرون ملک تنظیمات اور کارکنان کو 23دسمبر کے تاریخی اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے 23دسمبر کے اجتماع میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت پر شیخ زاہد فیاض کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 23دسمبر کا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم تبدیلی کیلیے نکل پڑی ہے ۔ 14جنوری کے عوامی مارچ میں 23 دسمبر کا ریکارڈتوڑ دیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story