پلی بارگین معافی نہیں بلکہ تحقیقات آگے بڑھانے کا ہتھیار ہے چیرمین نیب

پلی بارگین کرنے والے پر سزا کے تمام لوازمات لاگو ہوتے ہیں جب کہ ملزم صرف جیل نہیں جاتا، قمر زمان چوہدری

پلی بارگین کرنے والے پر سزا کے تمام لوازمات لاگو ہوتے ہیں جب کہ ملزم صرف جیل نہیں جاتا، قمر زمان چوہدری، فوٹو؛ فائل

چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا ہے کہ پلی بارگین کا مقصد ملزموں کی معافی نہیں بلکہ یہ تحقیقات آگے بڑھانے کا ہتھیار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیرمین قمر زمان چوہدری نے ملک کے سب سے بڑے کرپشن کیس میں سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین درخواست پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پلی بارگین کا مقصد ملزموں کی معافی نہیں بلکہ یہ تحقیقات آگے بڑھانے کا ہتھیار ہے، اس سزا میں ملزم صرف جیل نہیں جاتا جب کہ پلی بارگین کرنے والے پر سزا کے تمام لوازمات لاگو ہوتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پلی بارگین کا مقصد لٹیروں کی معافی نہیں، چیرمین نیب


چیرمین نیب نے کہا کہ مشتاق رئیسانی کا کیس ابھی ختم نہیں ہوا، مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید شاہ سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جب کہ مرکزی ملزم خالد لانگو کے خلاف بھی ریفرنس تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کرپشن کیس میں مجموعی طور پر 2 ارب 20 کروڑ کی کرپشن ہوئی اس لیے 40 ارب کی کرپشن کی خبر بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب عوامی نمائندہ پلی بارگین کے بعد 10 سال کے لیے نااہل ہوجاتا ہے جب کہ سرکاری ملازم پلی بارگین کرے تو نوکری سے فارغ کردیا جاتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شہبازشریف نے نیب کی پلی بارگین کو فراڈ قرار دیدیا

واضح رہے کہ نیب نے اربوں روپے کی کرپشن میں گرفتار سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی 2 ارب روپے کی پلی بارگین درخواست منظور کی ہے جسے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی پلی بارگین کو فراڈ قرار دیا ہے۔
Load Next Story