بزرگ سیاستدان پروفیسر غفور احمد انتقال کرگئے

73میں آئین ساز کمیٹی، رکن قومی اسمبلی اور سینیٹررہے، نماز جنازہ آج ہوگی


Staff Reporter December 27, 2012
بہترین پارلیمنٹیرین تھے، الطاف حسین، گورنر، وزیر اعلیٰ، شرجیل و دیگر کی تعزیت۔ فوٹو: فائل

بزرگ سیاستدان،1973 کے آئین ساز کمیٹی کے رکن، سابق وفاقی وزیر اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفوراحمد 85 برس کی عمر میںقضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔

وہ گزشتہ 2 سال سے صاحبِ فراش تھے۔مرحوم نے سوگواروں میں 3 بیٹے ،6 بیٹیاں اور جماعت اسلامی کے لاکھوں کارکنان چھوڑے ہیں۔ نمازجنازہ آج شام ساڑھے 4 بجے ادارہ نورحق میں ادا کی جائیگی۔پروفیسر غفوراحمد 26جون 1927کو ہند وستان کے صوبے یوپی کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے ۔ آگرہ یونیورسٹی سے بی کام اور 1948 میں لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم ۔کام کیا، بعد ازاں اسلامیہ کالج لکھنؤ میں لیکچرار ہوئے ۔ انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹس کے فیلو ہوئے ۔تجارتی اداروں میں کام کرنے کے علاوہ آپ نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائو ئٹس پاکستان' انسٹیٹیوٹ آف انڈسٹریل اکائو ئٹس اور اردو کالج کراچی میں تدریسی خدمات انجام دیں۔

پروفیسر غفوراحمد 1950میں 23برس کی عمر میں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔فروری 1972 سے اکتوبر 1977تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر رہے ۔1958 میں کراچی میونسپل کارپوریشن کے ممبر 1970اور 1977کے انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ 1973میں آئین ساز کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی ذمے داریاں نبھائیں۔ وہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک الائنس اور پاکستان قومی اتحاد کے سیکر یٹری جنرل بھی رہے ۔ وہ قومی اتحاد کی اس مذاکرتی ٹیم میں شامل تھے جس نے ذوالفقار علی بھٹو سے مارشل لا کے نفاذ سے پہلے فیصلہ کن مزاکرات کیے۔

13

1978 میں وفاقی وزیر صنعت وپیدا وار رہے ۔ 1988سے 1992 تک اسلامی جمہوری اتحاد کے جنرل سیکریٹری کے طور پر کام کیا۔ سینیٹ کے رکن بھی رہے ۔ اپنے طویل سیاسی سفر میں متعدد بار گرفتار ہوئے ۔'اور مارشل لا لگ گیا' سمیت پاکستانی سیاست پر 5 کتابوں کی تصنیف کی۔د ریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین،گورنر سندھ عشرت العباد ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید احمد، جے یو آئی کے مولانا سمیع الحق، ن لیگ سندھ کے صدر غوث علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر، قادر پٹیل، نجمی عالم،مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر نے پروفیسر غفور احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔

سیاسی رہنمائوں نے اس موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ پروفیسر غفور احمد ایک کہنہ مشق سیاستدان ، بہترین پارلیمنٹیرین اور سوجھ بوجھ رکھنے والے سیاسی رہنما تھے۔ سیاسی رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلیے صبر جمیل کی دعا کی ہے،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پروفیسر غفور کے صاحبزادے طارق فوزی سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ میں نے ایک مشفق استاد اور بزرگ کی حیثیت سے ہمیشہ پروفیسر غفور کا دل سے احترام کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں