نئے بلدیاتی نظام کو جلد حتمی شکل دیدی جائے گی گورنرسندھ

کے پی ٹی کی جانب سے 50پولیس موبائل کی فراہمی سے قیام امن میں مدد ملے گی


Staff Reporter July 27, 2012
کے پی ٹی کی جانب سے 50پولیس موبائل کی فراہمی سے قیام امن میں مدد ملے گی فوٹو ایکسپریس)

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے، سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، شہر میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور جرائم کی دیگر وارداتوں پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں، کے پی ٹی کی جانب سے سندھ پولیس کو50 موبائل گاڑیوں کی فراہمی سے امن قائم کرنے میں مدد ملے گی،

گول میز کانفرنس کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنر ہائوس میں کے پی ٹی کی جانب سے سندھ پولیس کو50 موبائل گاڑیاں فراہم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر بابر خان غوری، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری، ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود اور کے پی ٹی کے چیئرمین احمد حیات بھی موجود تھے،

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ کی کوششوں سے ملنے والی ان پولیس موبائل گاڑیوں سے امن و امان قائم کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی جن میں ٹریکر سسٹم بھی لگایا جائے گا، ان موبائل گاڑیوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری طور پر استعمال میں لایا جاسکے گا جبکہ ان کا غلط استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا،

انھوں نے کہا کہ پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اسے تمام تر سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، انھوں نے ان گاڑیوں کی فراہمی پر وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر بابر غوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ٹی اس سے قبل بھی 2مرتبہ پچاس پچاس پولیس گاڑیاں فراہم کرچکی ہے،

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں بھتے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات کو دور کرنے اور جرائم کی دیگر وارداتوں پر قابو پانے کے لیے کمیونٹی نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے،

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گول میز کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میںکوششیں قابل تعریف ہیں جس سے قومی سطح پر سیاسی ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے، سندھ میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اس حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جسے جلد ہی حتمی شکل دے دی جائے گی،

قبل ازیں گورنر سندھ نے آئی جی پولیس سندھ کو پولیس موبائل کی چابیاں حوالے کیں، دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے گئے وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر بابر خان غوری نے کہا کہ امن و امان قائم کرنے اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کو سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل حل کرنا ضروری ہے، موبائل گاڑیوں کی فراہمی سے قیام امن میں مدد ملے گی،

انھوں نے کہا کہ کراچی کو اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کی وارداتوں سے بچانے کے لیے500 موبائل گاڑیوں کی بھی ضرورت پڑی تو فراہم کریں گے، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے قونصل خانے کے واقعے میں ملوث گروہ کے قریب پہنچ گئے ہیں، ٹارگٹ کلنگ کے76واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، اندرون سندھ اغوا کیے جانے والے 3ہندوئوں کو تاوان ادا کیے بغیر بازیاب کراکر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں