آزاد تجارتی معاہدہ پاکستان نے بھی ایران کومسودہ دے دیا

مذاکرات نئے سال کے شروع میں ہوںگے،وزارت تجارت نے حکمت عملی طے کرلی،حکام

وزیرتجارت کے دورہ ایران کی تاریخ کااعلان جلد ہوگا، بینکاری روابط جلد قائم ہوں گے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے ایران کی طرف سے آزاد تجارتی معاہدے کے ڈرافٹ کے جواب میں اپنا مسودہ بھیج دیا، ایف ٹی اے پر اب مذاکرات نئے سال کے شروع میں ہوں گے، ترکی اور تھائی لینڈ سے ایف ٹی ایز پر مذاکرات حتمی مرحلے میں پہنچ گئے۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان نے ایران سے ایف ٹی اے پر مذاکرات کے لیے حکمت عملی طے کر لی ہے، اس سلسلے میں وزارت تجارت کی طرف سے ایران کو آزادتجارتی معاہدے کا مسودہ بھیج دیا گیا ہے، پاکستان نے ایران کے ساتھ 2006 میں کیے جانے والے ترجیحی تجارتی معاہدے کا بھی اچھی طرح تجزیہ کر لیا ہے، پاکستان دیگر 2 ممالک ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کے حتمی مراحل میں ہے۔


ترجمان وزارت تجارت نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مابین آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے منعقد ہوا، بینکاری روابط پر پاکستانی کابینہ اس یادداشت کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے جس پر ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایران سینٹرل بینک کے مابین دستخط ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مرکزی بینکوںکے مابین بینکنگ چینل کے قیام کے بارے میں مذاکرات ہوئے ہیں اور بہت جلد ان مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر تجارت خرم دستگیر کا دورہ ایران وقتی طور پر ملتوی کیا گیا، وزیر تجارت کے دورے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
Load Next Story