اظہر علی کی محنت پر پاکستانی بولرز پانی پھیرنے لگے

آسٹریلوی فائٹ سے میلبورن ٹیسٹ ’اوپن‘ ہوگیا، میری اننگز ٹیم کے کام آئے گی، اظہر


Sports Desk December 29, 2016
ریورس سوئنگ کی کوشش میں وہاب کا نوبال مسئلہ پھر سامنے آگیا، نائب کپتان۔ فوٹو: گیٹی

اظہرعلی کی محنت پرپاکستانی بولرزپانی پھیرنے لگے، نائب کپتان نے تسلیم کیا کہ آسٹریلوی فائٹ سے میلبورن ٹیسٹ'اوپن' ہوگیا، انھوں نے کہاکہ ہمیں چوتھی صبح کو تیزی سے وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، میری اننگز مثبت نتیجے کے حصول میں مدد گار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق میلبورن ٹیسٹ میں اظہر علی نے ناقابل شکست ڈبل سنچری بناکر ٹیم کا مجموعہ 400 کے پار پہنچایا مگر بولرز کی مایوس کن پرفارمنس سے ٹیم مسائل کا شکار ہو گئی،اظہر نے کہاکہ میں نے بہت سی امیدوں کے ساتھ یہاں بیٹنگ شروع کی کہ اپنی ٹیم کے کام آسکتا ہوں، میں اس اننگز پر خوش بھی ہوں، مجھے امید ہے کہ یہ میچ میں نتیجہ حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جیسے کھیل آگے بڑھے گا ریورس سوئنگ اپنا کام دکھائے گی، جس طرح آسٹریلوی ٹیم کھیلی اس سے میچ بہت زیادہ 'اوپن' ہوگیا، ہمیں اب جمعرات کی صبح مضبوط کم بیک کرنے اور تیزی سے وکٹیں لینے کی ضرورت ہے۔

اپنی بیٹنگ کے حوالے سے اظہر نے کہاکہ مجھے توجہ مرکوز رکھنے میں سخت مشکل ہورہی تھی،اچھی بات یہ ہے کہ میرے قدم بہتر انداز میں حرکت کررہے اورگیند کو اچھی طرح سمجھ پا رہا تھا، میں اپنی شاٹ سلیکشن کے حوالے سے بھی پُراعتماد رہا، گیند میرے زون میں ہی آرہی تھی۔

وہاب ریاض کی نوبالز کے حوالے سے اظہر نے کہاکہ یہ مسئلہ ختم کرنے کیلیے کافی محنت کی گئی، گذشتہ روز کسی طور پر بہتر نہیں تھا، وہ بولنگ کوچ کے ساتھ خامی پر قابو پانے کیلیے بہت زیادہ کوشش کرتے ہیں، میرے خیال میں تیزی سے گیند کرکے کچھ ریورس سوئنگ حاصل کرنے کی کوشش میں نوبال کا مسئلہ پھر سامنے آیا، یہ انھیں بُری طرح متاثر کررہا تاہم مجھے امید ہے کہ وہاب جمعرات کو اس کی تلافی کردیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں