عدالت کے پاس والدہ کے قاتلوں کوسزادینے کاوقت نہیں لیکن قبرکے ٹرائل کاوقت ہےبلاول بھٹو

جمہوریت کے سائے میں بھیٹنے والے سن لیں اس جمہوریت کا سہرا پیپلزپارٹی کے سرہے اوراس کی حفاظت بھی پیپلزپارٹی ہی کرے گی۔


ویب ڈیسک December 27, 2012
جمہوریت کے سائے میں بھیٹنے والے سن لیں اس جمہوریت کا سہرا پیپلزپارٹی کے سرہے اوراس کی حفاظت بھی پیپلزپارٹی ہی کرے گی۔ بلاول بھٹو۔ فوٹو ایکسپریس

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ عدالت کے پاس بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا دینے کا وقت نہیں لیکن ان کی قبرکا ٹرائل کرنے کا وقت ضرور ہے، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن ذوالفقار بھٹو پھانسی ریفرنس کے فیصلے کا منتظر ہے۔

گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 5ویں برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف دو طاقتیں ہیں ایک عوام اور دوسری وہ جہنیں آمریت پسند ہے۔ فسطائی قوتیں اگر ایک مشعل بجھائیں گے تو ہزاروں روشن ہوجائیں گی۔ آج بھی جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جمہوری شخص ایوان صدر میں آیا تو لوگوں کی نیندیں کیوں اڑ گئیں۔ انہیں ایوان صدر میں جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کیوں نظر نہیں آئے۔ جمہوریت کے سائے میں بیٹھنے والے سن لیں اس جمہوریت کا سہرا پیپلزپارٹی کے سر ہے اوراس کی حفاظت بھی پیپلز پارٹی ہی کرے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ انہیں عدلیہ کا ہر فیصلہ قبول ہے۔ عدالتوں کے پاس ان کی والدہ کے قاتلوں کوسزا دینے کا وقت نہیں لیکن ان کی قبر کا ٹرائل کرنے کا وقت ضرور ہے۔ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن سپریم کورٹ میں دائر بھٹو ریفرنس کے فیصلے کا انتظار کررہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں نظام بدل رہا ہے بڑے بڑے برج گر رہے ہیں لیکن ہمارا راستہ جمہوریت کاراستہ ہے۔ ہمارے پیروں میں زنجیریں بھی ڈال دی جائیں پھر بھی یہ سفر نہیں رکے گا۔ میرے نانا اور والدہ کو شہید کر دیا گیا لیکن ہم نے اپنے وطن کو نہیں چھوڑا۔ ہماری رگوں میں خون کھول رہا ہے لیکن ہم نظام قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ منفی سوچ ہمیں نقصان کی جانب لے جائے گی اس لئے ہمیں مثبت اندازمیں سوچنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے بلوچستان کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا۔ ہم بلوچستان کے مسائل اور وہاں لگنے والی آگ سے غافل نہیں ہیں۔ وہاں کے مسائل راتوں رات حل نہیں ہوسکتے لیکن حکومتی اقدامات سے یہ حل ضرور ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کل بھی ہمارا نعرہ تھا اور آج بھی ہے۔ پیپلز پارٹی نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب عوام کی مدد کی۔ وسیلہ حق، وسیلہ روزگار، وسیلہ صحت اور وسیلہ تعلیم کا آغازکیا۔ یہ ابھی شروعات ہے ہمیں عوام کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں