لرزتی سری لنکن بیٹنگ لائن زمین بوس ہو گئی

سری لنکن ٹیم 206رنزسے ہار گئی جب کہ جنوبی افریقہ کے ریبادا اور مہاراج نے 3، 3 وکٹیں لیں۔


December 30, 2016
سری لنکن ٹیم 206رنزسے ہار گئی جب کہ جنوبی افریقہ کے ریبادا اور مہاراج نے 3، 3 وکٹیں لیں ۔ فوٹواے ایف پی

پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ میں لرزتی سری لنکن بیٹنگ لائن زمین بوس ہو گئی، جنوبی افریقہ نے206 رنز سے فتح کو گلے لگا لیا، فتح کیلیے 488 رنزکا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم281 پر ڈھیر ہوگئی۔

پانچویں دن 5 وکٹ 240رنز سے دوسری اننگزکوآگے بڑھانے والی سری لنکن ٹیم کپتان اینجیلو میتھیوز کی میدان بدری کے بعد سنبھل نہ سکی، کائل ایبٹ نے ابتدائی 7 اوورز میں حریف ٹیم کی 2 وکٹیں اڑائیں، مہمان سائیڈ جمعے کو میچ کے اختتامی دن 70 منٹ میں 13.3 اوورز کی مزاحمت میں مزید 5 وکٹیں گنواکر ناکامی سے دوچار ہوگئی، اننگز کا281 پر اختتام ہوا ، گذشتہ دن کے ٹوٹل میں صرف 41 رنز کا اضافہ ہی ممکن ہو سکا،اینجیلو میتھیوز، ایبٹ کی گیند کو کراس کھیلنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو ہوئے، انھوں نے 7 چوکوں کی مدد سے 120 گیندوں پر 59رنز بنائے، وہ اپنے گذشتہ دن کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ ممکن بنا سکے، دھنن جیاڈی سلوا بھی 22 رنز بناکر ایبٹ کی گیند پراسی انداز میں آؤٹ ہوگئے، رنگانا ہیراتھ 3 کے انفرادی اسکور پر ورنون فلینڈر کو ریٹرن کیچ تھماکر پویلین لوٹے، دشمانتھا چمیرا بغیر کوئی رن بنائے کیگاسو ریبادا کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں جکڑے گئے، اختتامی پلیئر نوان پردیپ کو میزبان لیفٹ آرم اسپنرکیشو مہاراج نے ٹھکانے لگایا، انھوں نے 4رنز بنائے، سورنگا لکمل 19 پر ناٹ آؤٹ رہے، ریبادا اور مہاراج نے 3، 3 وکٹیں لیں جب کہ ایبٹ نے 2 شکار کیے، واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 286 رنزجوڑنے کے بعد دوسری باری 6-406 پر ڈیکلیئرڈ کردی تھی، سری لنکن ٹیم پہلی باری میں 205 رنزبنا پائی تھی۔

دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیسٹ کپتان فاف ڈوپلیسی نے سری لنکا کیخلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی پر پورٹ ایلزبتھ کے گراؤنڈ زمین کوسراہا ہے، انھوں نے 206 رنز سے ملنے والی فتح پر پیسرز کی تکون کو بھی داد دی، ڈوپلیسی نے کہا کہ ہم نے گراؤنڈ ز مین سے کہا تھا کہ وکٹ ٹرننگ نہیں ہونی چاہیے اور واقعی پچ نے چوتھے اور پانچویں دن بھی ٹرن نہیں لیا،انھوں نے بڑی شاندار وکٹ تیار کی، جس پر ہمیں حریف کو زیر کرنے میں مدد ملی، کیوریٹر ایڈرین کارٹر نے ہلکی گھاس چھوڑدی تھی تاکہ وکٹ پانچویں دن بھی بہتر رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔