چین نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کو دہشتگرد قرار دینے کی بھارتی قرارداد روک دی

بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت میں بھی چین رکاوٹ بنا ہوا ہے،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک December 30, 2016
بھارت مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قراردینے کے لیے اقوام متحدہ میں کئی بار قرارداد لاچکا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: چین نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی بھارتی قرارداد روک دی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو عالمی سطح پر دہشت گرد قرار دینے کے لیے اقوام متحدہ میں کئی بار قرارداد لاچکا ہے اور ہر بار اسے چین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، چین نے کئی بار بھارتی قرارداد کو تکنیکی بنیادوں پر ویٹو کیا اور اس بار مولانا مسعود سے متعلق قرارداد کو مسترد کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چین نے بھارتی قرارداد ویٹو کردی، برہما پترا کا پانی بھی روک دیا

دوسری جانب بھارت وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 9 ماہ قبل مسعود اظہر کو دہشت گرد قراردینے کے لیے قراداد پیش کی جس پر سیکیورٹی کونسل کے تمام ارکان کی جانب سے حمایت ملی تاہم چین نے اس قرارداد کو اپریل سے روکے رکھا اور اب اسے مسترد کردیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چین نے مسعود اظہر پر پابندی کا بھارتی مطالبہ سیاسی فائدے کی کوشش قرار دے دیا

مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دلوانے میں بھارت کو امریکا، برطانیہ اور فرانس کی حمایت حاصل ہے تاہم چین کی جانب سے قرارداد کو ہمیشہ ویٹو کیا گیا جب کہ تکنیکی رکاوٹ ختم کرنے کے لیے بھارت نے چین سے کئی بار مذاکرات بھی کیے مگر وہ کامیاب نہ ہوسکے اور بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت میں بھی چین رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پٹھان کوٹ حملہ میں مسعود اظہر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا

بھارت جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے سمیت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی کارروائیوں کا ذمہ دار قرار دیتا ہے جب کہ پاکستان پر جیش محمد کی حمایت کرنے کا الزام بھی عائد کرتا ہے تاہم پاکستان نے ہمیشہ بھارتی الزام کو مسترد کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔