سڈنی ٹیسٹ آسٹریلیا کیلیے پلیئنگ الیون کا انتخاب دردِ سر بن گیا

دوسرے اسپنرکیلیے ایگراوراوکیف میں ٹائی،کوئی ایک لیون کے ساتھ جوڑی بنائے گا۔


Sports Desk/AFP January 01, 2017
اسکواڈ میں سیم بولنگ آل راؤنڈر ہلٹن کارٹ رائٹ بھی شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیلیے پلیئنگ الیون کا انتخاب درد سر بن گیا، دوسرے اسپنر کیلیے ایشٹون ایگر اور اسٹیو اوکیف کے درمیان ٹائی پڑگئی، دونوں میں سے کسی ایک کو ناتھن لیون کے ساتھ جوڑی بنانے کا موقع مل سکتا ہے، بیٹنگ صلاحیت ایشٹون کا کیس مضبوط بنانے لگیں، کوچ ڈیرن لی مین بھی ان کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ کیلیے 13 رکنی اسکواڈ میں ناتھن لیون کے ساتھ ایشٹون ایگر اور اسٹیو اوکیف کو شامل کیا، مچل مارش اور کولم فرگوسن کے بعد نک میڈنسن کی چھٹی سے یہ بات یقینی ہوگئی کہ رواں سیزن میں آسٹریلیا کی جانب سے چھٹے نمبر پر چوتھا بیٹسمین استعمال کیا جائے گا۔

اسکواڈ میں سیم بولنگ آل راؤنڈر ہلٹن کارٹ رائٹ بھی شامل ہیں، ان کی بیٹ کے ساتھ فرسٹ کلاس کیریئر میں اب تک ایوریج 44.50 ہے، وہ چھٹے نمبر پر ڈیبیو کرسکتے ہیں، اس صورت میں آسٹریلیا کو 2 فرنٹ لائن اسپنرز ناتھن لیون اور اسٹیو او کیف کو2 اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتارنے کا موقع ملے گا۔ ایک اور آپشن وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو چھٹے نمبر پر ترقی دینے کا ہے،اس صورت میں اسپننگ آل راؤنڈر ایشٹون کوموقع مل سکتا ہے، تین اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز مچل اسٹارک، جوز ہیزل ووڈ اورجیکسن برڈ کو کھلانا ممکن ہوگا۔

ایشٹون نے ڈیبیو پر 2013 میں ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں 11ں نمبر پر 98رنز کی اننگز کھیلی تھی۔تب سے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں آٹھویں نمبر پر کھیلتے اور 2 سنچریاں اسکور کرچکے،ان کی اوسط 26.41 ہے۔ کوچ ڈیرن لی مین بھی ایشٹون کو کھلانے کے حامی دکھائی دیتے ہیں اور انھیں حقیقی آل راؤنڈر قرار دیا ہے، جس سے ان کے سڈنی میں کھیلنے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا۔ اسکواڈ میں تین اسپنرز شامل کرنے کی وجہ شیفلڈ شیلڈ میچز کے دوران ایس سی جی کی وکٹ کا بہت زیادہ ٹرن ہونا ہے، یہاں پر ایک میچ میں ایشٹون نے 141 رنز کے عوض 10 اور او کیف نے 106 رنز دے کر 8 وکٹیں لی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں