بھارتی میڈیا نے سی پیک کی اہمیت کو تسلیم کر لیا

ہندوستان ٹائمز نے سی پیک کو موجودہ صدی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دے دیا


INP January 01, 2017
سی پیک چین کی وہ اہلیت ثابت کرے گا کہ ایک بڑے پیمانے پر بیجنگ حکمت عملی کے ساتھ کیسے کام کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: بھارتی میڈیا نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو موجودہ صدی کا زبردست گیم چینجر منصوبہ قراردے دیا، اگر رابطہ سازی،نئی جیو پولیٹکس کی بنیاد ہے تو سی پیک کوموجودہ صدی کا سب سے زبردست منصوبہ قراردیا جا سکتا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے ہفتے کواپنے ایک اداریہ میں بالآخر سی پیک کی اہمیت کو تسلیم کر لیا ، منصوبے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس کے خدوخال سے واضح ہے کہ یہ کثیر الجہتی شاہراہوں ، پائپ لائنز اور تجارتی قافلوں سے حوالے سے ہے ،چینی صدر شی چن پنگ کی جانب سے متعارف کرائے جائے جانے والے ون بیلٹ ون روڈ کے تحت سی پیک انفراانسٹرکچر کا ایک ایسا بین البراعظمی منصوبہ ہے جو کہ موثر طریقے سے پاکستان کو یوریشیا کا لاجسٹکس مرکزبنائے گاجس سے یہ عالمی معیشت کا محور ثابت ہوگا۔

سی پیک متعدد سطح پرکام کررہا ہے،علامتی طور پر یہ ایک ایسی زبردست گواہی ہے جو ثابت کرے گا کہ چین کے ساتھ اتحاد کے معاشی فوائد کیا ہوسکتے ہیں، عمومی طور پر اس کا موازنہ مارشل فنڈ کے ساتھ کیاجا سکتا ہے جوکہ امریکا کی جانب سے دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگ کی تباہ کاریوں سے متاثرہ یورپ کی بحالی کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ اخبار کے مطابق چینی عہدیدار بذات خود یہ کہتے ہیں کہ سی پیک صرف تجارت اور راہداری سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے ہے اوراگر یہ منصوبہ کامیاب ہو گیا توچین پوری دنیا کے سامنے یہ موقف پیش کرے گا کہ اس نے وہ کردکھایا جو امریکا نہیں کر سکا۔

دوسری جانب سی پیک چین کی وہ اہلیت ثابت کرے گا کہ ایک بڑے پیمانے پر بیجنگ حکمت عملی کے ساتھ کیسے کام کرتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی اخبار دی ہندو نے بھی سی پیک کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مودی سرکارکومشورہ دیا تھا کہ 64ممالک میں رابطہ سازی قائم کرنے والے اس عظیم منصوبے کی مخالفت ختم کی جائے اور فوری طور پر سی پیک کا حصہ بنیں ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں