جنوبی افریقی پیسرز آئی لینڈرز کے شکار کو تیار

سری لنکا سے دوسرا ٹیسٹ پیر سے شروع ہوگا جب کہ میزبان ٹیم جیت کر سیریز نام کرنے کیلیے پرعزم ہے۔

سری لنکا سے دوسرا ٹیسٹ پیر سے شروع ہوگا جب کہ میزبان ٹیم جیت کر سیریز نام کرنے کیلیے پرعزم ہے ۔ فوٹو فائل

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ پیر سے نیولینڈزمیں شروع ہورہا ہے، پروٹیز نے پیس اٹیک سے آئی لینڈرز کے شکار کا منصوبہ بنالیا، موزوں کنڈیشنز میں کائیل ایبٹ، ورنون فلینڈر اور کاگیسو ربادا مہمان ٹیم کی درگت بنانے کو تیار ہے، کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹیم کو ایک میچ قبل ہی سیریز پر قبضے کا ہدف دے دیا، دوسری جانب سری لنکن ٹیم کم بیک کیلیے پرامید ہے، ٹیم میں تیسرے نمبر پر اپل تھارنگا کو بیٹنگ کیلیے بھیجا جاسکتا ہے، کپتان انجیلو میتھیوزمیزبان سائیڈ کو ٹف ٹائم دینے کیلیے پراعتمادہیں۔


جنوبی افریقہ نے پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 206 رنز سے شکست دی تھی، سینٹ جارج پارک کی کنڈیشنز سلو اور وہاں پر رنگانا ہیراتھ کے مہلک ثابت ہونے کا امکان تھا مگر وکٹ پر گھاس نے مہمان ٹیم کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا جب کہ نیولینڈزکی وکٹ تو پیس اور باؤنس کی وجہ سے شہرت رکھتی ہے۔ یہاں پر میزبان اٹیک میں شامل کائیل ایبٹ، فلینڈر اور کاگیسو ربادا آئی لینڈرز کیلیے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں، کپتان فاف ڈوپلیسی کا اصرار ہے کہ اس وکٹ پر تین فاسٹ بولرز بھی بہت ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہمارا سیم اٹیک ثابت کرچکا ہے کہ وہ تین بولرز کے ساتھ بھی مہلک ہے، سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ کوئی انجری کا شکار نہ ہو۔ دونوں ٹیمیں پہلے ٹیسٹ کے اختتام کے صرف دو دن بعد ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہورہے ہیں۔ گذشتہ برس نیو لینڈز میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے 198 بالز پر 258 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کی وجہ سے پروٹیز کو سیریز کے ساتھ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے بھی ہاتھ دھونا پڑگئے تھے۔ تاہم اب ڈی ویلیئرز کی غیرموجودگی میں بھی جنوبی افریقہ ہوم گراؤنڈز پر نیوزی لینڈ کو زیر کرنے کے بعد آسٹریلیا کی اوے سیریز بھی جیت چکا اور اب ان کی نگاہیں ایک ٹیسٹ قبل ہی سری لنکا کے خلاف سیریز پر قبضہ پکا کرنے پر مرکوز ہے۔ دوسری جانب سری لنکا بھی کم بیک کے طریقوں پر غور کررہا ہے، تیسرے نمبر پر کوشل پریرا کی جگہ اپل تھارنگا کو بیٹنگ کا موقع دیا جاسکتا ہے۔ پورٹ ایلزبتھ میں شکست کے بعد آئی لینڈرز کی مسلسل پانچ ٹیسٹ فتوحات کا سلسلہ تھم گیا تھا۔ جنوبی افریقہ میں ویسے ہی ان کا ریکارڈ مایوس کن ہے، وہ یہاں پر گذشتہ 11 میں سے 9 ٹیسٹ میچز ہار چکے ہیں، نیولینڈز سے بھی سری لنکا کی اچھی یادیں وابستہ نہیں ہیں، اس وینیو پر سری لنکا گذشتہ دو میچز میں ایک اننگز اور 229 اور 10 وکٹوں سے ناکامی کامنہ دیکھ چکا ہے۔

 
Load Next Story