پاکستانی ٹیم شیڈول کے تحت ہی ویسٹ انڈیزجائیگی

کیریبیئن بورڈ سے معاملات طے پا گئے، ٹور کو منقسم نہیں کیا جائےگا۔


Sports Desk December 28, 2012
پاکستان ویسٹ انڈیز کا جولائی 2013 کا مکمل سیریز کیلیے دورہ کرے گا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ برس جولائی میں شیڈول کے تحت ہی ویسٹ انڈیزکا دورہ کریگی۔پی سی بی آفیشل کا کہنا ہے کہ کیریبیئن بورڈ سے معاملات طے پا گئے، ٹور کو منقسم نہیں کیا جائیگا، اگست میں بھارت کو جوابی سیریز پر راضی کرنے کی کوشش کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم آئندہ برس جولائی میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت ہی ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں پر دو ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل میزبان بورڈ نے جولائی کے شروع میں سری لنکا اور بھارت کیساتھ ٹرائنگولر سیریز کھیلنے کی وجہ سے پی سی بی سے سیریز چند ہفتے تاخیر سے شروع کرنے کو کہا تھا، دورے کو دو حصوں میں تقسیم کی تجویز بھی زیر غور تھی۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی سے بات چیت میں پاکستانی بورڈکے ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کا جولائی 2013 کا مکمل سیریز کیلیے دورہ کریگا، اس حوالے سے جو مسئلہ تھا وہ حل ہوگیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اگست میں بھارت سے جوابی سیریز کھیلنے کا خواہاں اور اس لیے ویسٹ انڈیز کے ٹور کو پہلے مکمل کرنا چاہتا ہے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی میزبانی میں دلچسپی رکھتا اور پوری امید ہے کہ بھارت اگست میں جوابی سیریز کھیلے گا، اس وقت بھارت میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کے موقع پر شائقین کے جوش وخروش کو دیکھتے ہوئے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ بھارتی بورڈ اگست میں سیریز کی تجویز قبول کرلے گا۔ پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف رواں ہفتے بھارت روانہ ہورہے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں